جے یو آئی کا سندھ بھر میں احتجاج ،مولانا فضل الرحمٰن کے خلاف مہم بند کرنے کا مطالبہ
مولانا فضل الرحمن کےخلاف منفی مہم اورگرفتاریوں کا سلسلہ بند کیا جائے، مقررین
کراچی میں ریلی کا منظر
کراچی:)جمعیت علمائے اسلام کے قائد مولانا فضل الرحمن کے خلاف مبینہ کردار کشی سمیت علمائے کرام کی گرفتاریوں، سندھ کی وحدت، عوامی حقوق کے تحفظ، مہنگائی اور بدامنی کے خلاف جے یو آئی سندھ کی قیادت کی کال پر سندھ بھر میں ریلیاں نکالی گئیں اور احتجاج کیا گیا جن میں شرکا نے حکومت کی پالیسیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی اور اپنے مطالبات پیش کیے گئے
جمعیت علما اسلام سندھ کے زیر اہتمام اتوار کو گرومندر چورنگی، جامعہ بنوری ٹاؤن کے قریب احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں جے یو آئی کے مرکزی و صوبائی رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرے میں قائد جمعیت مولانا فضل الرحمٰن کے گھر کے تقدس کی پامالی، ان کے خلاف مبینہ کردار کشی کی مہم اور سندھ کی تقسیم کی کوششوں کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی کے جے یو آئی سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کی کردار کشی کا سلسلہ فوری بند کیا جائے اور ان کے خلاف انتقامی کارروائیاں ختم کی جائیں۔ مولانا فضل الرحمٰن ایک قومی سیاسی رہنما ہیں، ان کی حفاظت اور عزت کا دفاع جے یو آئی کی ذمہ داری ہے۔ ملکی سلامتی اور سیاسی معاملات کو تصادم کے بجائےمذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے۔
اس موقع پر جے یوآئی کے صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان ، مولانا غیاث، مولانا سمیع الحق سواتی، مفتی عبدالحق عثمانی ، مولانا احسان اللہ ٹکروی ، مولانا فیض الحق ، مفتی محمد خالد ، مولانا نور الحق ، مفتی لئیق اسعدی، فاروق حسن زئی اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔
علامہ راشد محمود سومرو نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج ہم قائد جمعیت مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ تجدید عہد وفا کے لئے جمع ہوئے ہیں۔ حالات جیسے بھی ہوں ہم مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی نے ملک کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں اور آئین کی بالادستی کے لئے جدوجہد کی ہے۔ ہم نے مذہبی طبقے کو بندوق کے بجائے ووٹ کی پرچی کا راستہ دکھایا اور انہیں پارلیمان تک پہنچایا۔
مظاہرے کے اختتام پر شرکاء نے مولانا فضل الرحمٰن کے حق میں اور ان کے خلاف کردار کشی کی مہم کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ بند کیا جائے اور ملک کے سیاسی و قومی معاملات مذاکرات کے ذریعے حل کیے جائیں۔
جمعیت علماءاسلام(ف) ضلع حیدرآباد کے تحت صوبائی قیادت کی ہدایت پر قائد جمعیت مولانا فضل الرحمٰن کی کردار کشی و رہائش گاہ کے تقدس کی پامالی، جے یوآئی کے خلاف انتقامی کارروائیوں، بڑھتی ہوئی بدامنی و بدترین مہنگائی اور سندھ کی تقسیم کے خلاف اولڈکیمس چوک سے احتجاجی ریلی نکالی گئی اور حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا دیاگیا۔
نوابشاہ سے نامہ نگار کے مطابق جے یو آئی ف کی جانب سے نواب شاہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے نواب شاہ پریس کلب کے سامنے دھرنا دے کر شدید نعرے بازی کی۔جے یو آئی کے کارکنوں نے جامع مسجد اللہ والی سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی اور مرکزی سڑک پر علامتی دھرنا دیا۔
جے یوآئی ضلع ٹھٹھہ کے زیرِ اہتمام نکالی جانے والی احتجاجی ریلی پریس کلب ٹھٹھہ پہنچ کر بڑے دھرنے اور اجتماع میں تبدیل ہوگئی۔ ریلی میں ضلع ٹھٹھہ کی تمام تحصیلوں سے جے یو آئی، جمعیت طلبا اسلام جمعیت فورمز اور انصار الاسلام کے ذمے داران، عہدیداران اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
شرکا نے حکومت اور مقتدر حلقوں کی پالیسیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔پریس کلب ٹھٹھہ کے سامنے منعقدہ احتجاجی اجتماع سے جے یو آئی ضلع ٹھٹہ کے امیر مولانا عبدالوہاب بلوچ، ضلعی جنرل سیکریٹری مولانا محمد سلیم عاطف چانڈیو، مولانا غلام نبی خشک، مولانا شمس الدین شورو، مولانا شکیل احمد چانڈیو، مولانا محمد حسن ٹھینگو، مولانا افتخار احمد حضروی، قاری ولی اللہ شاہ اور جے ٹی آئی ضلع ٹھٹہ کے صدر حافظ محمد انس سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔
مقررین نے اپنے خطابات میں دوٹوک موقف اختیارکرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام آئین ساز اور جمہوری روایات کی امین جماعت ہے، تاہم غیر جمہوری ہتھکنڈوں اور دبائو کے ذریعے جماعت کو مرعوب نہیں کیا جا سکتا۔ رہنمائوں نے واضح کیا کہ سندھ کی تقسیم اور نئے صوبوں کے قیام کی کسی بھی سازش کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا، فضل الرحمٰن کے خلاف منظم میڈیا ٹرائل، جھوٹے الزامات اور ان کی رہائش گاہ کی ڈرون فوٹیج بنانے کے مبینہ واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے قابلِ افسوس قرار دیا۔
انھوں نے مطالبہ کیا کہ مولانا فضل الرحمٰن کی سیکیورٹی فوری طور پر بحال کی جائے، جے یو آئی قائدین کو بے جا نوٹسز بھیجنے کا سلسلہ بند کیا جائے اور گرفتار علمائے کرام کو فی الفور رہا کیا جائے۔
اسی طرح سانگھڑ میں جمیعت علمائے اسلام ضلع سانگھڑ کے زیر اہتمام قائد جمیعت مولانا فضل الرحمان کے گھر پر مبینہ ڈرون حملوں، ان کے خلاف من گھڑت الزامات، سندھ کی تقسیم، بڑھتی ہوئی مہنگائی، بدامنی اور بلاجواز گرفتاریوں کے خلاف پریس کلب سانگھڑ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے سے ضلعی رہنمائوں عبدالغفور مینگل، مولانا باسط لانڈر، طارق حسین لغاری اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی تقسیم کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انھوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ کی وحدت کے خلاف کسی بھی اقدام سے گریز کیا جائے، مولانا فضل الرحمن کے خلاف مبینہ منفی مہم بند کی جائے، مہنگائی اور بدامنی پر قابو پایا جائے اور بلاجواز گرفتاریوں کا سلسلہ ختم کیا جائے۔