کوہاٹ:غیر قانونی گولڈ مائننگ مافیا کیخلاف بڑا آپریشن، 300 ٹھکانے، 100 سے زائد پلانٹس مسمار
آپریشن کے دوران غیر قانونی سرگرمیوں کے تحفظ اور مزاحمت کے لیے قائم کیے گئے تمام مورچے اور بنکر بھی زمین بوس کر دیے گئے
کوہاٹ: ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس (ڈی آئی جی) کوہاٹ کی خصوصی نگرانی اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) کوہاٹ رائے مظہر اقبال کی سربراہی میں غیر قانونی پلیسر گولڈ مائننگ (سونا نکالنے) میں ملوث عناصر کے خلاف بڑا اور فیصلہ کن آپریشن کیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق اس مشترکہ کارروائی کے دوران غیر قانونی مائننگ میں ملوث عناصر کے 300 سے زائد ٹھکانے مکمل طور پر تباہ کر دیے گئے، جبکہ سونا نکالنے کے عمل میں استعمال ہونے والے 100 سے زائد چھوٹے اور بڑے پلانٹس کو بھی موقع پر ہی مسمار کر دیا گیا۔ آپریشن کے دوران غیر قانونی سرگرمیوں کے تحفظ اور مزاحمت کے لیے قائم کیے گئے تمام مورچے اور بنکر بھی زمین بوس کر دیے گئے، جس کے نتیجے میں پورے متاثرہ علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کرا لیا گیا ہے۔
اس موقع پر ڈی پی او کوہاٹ رائے مظہر اقبال نے واضح کیا کہ غیر قانونی پلیسر گولڈ مائننگ اور قومی وسائل کی لوٹ مار کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ علاقے میں قانون کی بالادستی قائم رکھنا اور ہر قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں کا جڑ سے خاتمہ کوہاٹ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔