معدنی ایندھن پر اختلافات کے باعث عالمی موسمیاتی کانفرنس ناکام

معاہدے کے متن پر اتفاق رائے نہیں ہو سکا

فائل فوٹو

 

اقوام متحدہ کی عالمی موسمیاتی کانفرنس (کاپ 31) کسی حتمی معاہدے کے بغیر ختم ہو گئی ،کانفرنس کے صدر اور ترکیہ کے وزیر ماحولیات مراد خرم نے مذاکرات میں تعطل اور ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاہدے کے متن پر اتفاق رائے نہیں ہو سکا۔مجوزہ متن میں پہلی مرتبہ یہ تسلیم کیا گیا ہے کہ عالمی درجہ حرارت میں اضافے کو 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک محدود رکھنے کا ہدف حاصل ہوتا دکھائی نہیں دیتا،

معدنی ایندھن کے مستقبل پر اختلافات کے باعث مذاکرات کار کسی متفقہ نتیجے پر نہ پہنچ سکے، اسی وجہ سے فیصلے منظور نہیں کیے گئے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے اس صورت حال کو انتہائی مایوس کن قرار دیا ہے۔سیکرٹری جنرل نے مذاکرات کی ناکامی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے، انہیں سخت مایوسی ہوئی ہے کہ کانفرنس میں حکومتیں اتفاق رائے تک پہنچنے میں ناکام رہیں۔ تاہم، انہوں نے واضح کیا کہ مذاکرات کا نتیجہ موسمیاتی بحران کی تلخ حقیقتوں کو تبدیل نہیں کر سکتا اور سائنسی حقائق میں کوئی ابہام نہیں۔

انہوں نے خبردار کیا ہے کہ عالمی حدت میں اضافے کے نئے ریکارڈ قائم ہو رہے ہیں۔ موسمیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات میں شدت آ رہی ہے اور گرین ہاؤس گیسوں کا اخراج خطرناک حد تک بلند ہے۔ دنیا اب اس راستے پر گامزن ہے جہاں عالمی درجہ حرارت میں اضافے کو 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک محدود رکھنے کا بین الاقوامی ہدف حاصل کرنا ممکن نہیں رہے گا۔

انہوں نے فوسل فیول کے حق میں کام کرنے والی لابیوں پر الزام عائد کیا کہ وہ اپنے منافع کو برقرار رکھنے کے لیے موسمیاتی اقدامات کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہی ہیں۔ حکومتوں نے دبئی میں منعقدہ کاپ 28 میں معدنی ایندھن سے بتدریج انخلا پر اتفاق کیا تھا۔ اب اصل ضرورت اس عمل کو تیز کرنے اور اس کے لیے مالی وسائل فراہم کرنے کی ہے۔

یہ تعطل معدنی ایندھن کے مستقبل پر کئی روز تک جاری رہنے والے اختلافات کے بعد سامنے آیا۔ مذاکرات کار موسمیاتی تبدیلی سے شدید متاثر ہونے والے ممالک کے اتحاد، کوئلے، تیل اور گیس سے بتدریج انخلا کے حامی ممالک اور تیسری جانب معدنی ایندھن کی برآمدات پر انحصار کرنے والی معیشتوں کے درمیان اختلافات دور کرنے میں ناکام رہے۔

کاپ 31 کے شریک صدور آسٹریلیا اور ترکیہ نے اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے کئی متبادل مسودے پیش کیے۔ ان میں ایک تجویز یہ بھی تھی کہ اس حقیقت کو تسلیم کیا جائے کہ دنیا اب 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ کی حد سے تجاوز کرنے کے راستے پر ہے، کاربن کو فضا سے جذب کرنے والی ٹیکنالوجی کے فروغ پر بھی زور دیا جائے۔تاہم، یہ کوششیں بھی ناکام رہیں۔ ناقدین کا موقف تھا کہ مجوزہ متن میں پہلے سے طے شدہ وعدوں کو کمزور کر دیا گیا ہے اور یہ موسمیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے درکار اقدامات سے کہیں کم ہے۔

پاکستانی وفد نے مندوبین پر زور دیا کہ وہ اتفاق رائے کے حصول کے لیے کوششیں جاری رکھیں۔ پاکستانی وفد نے خبردار کیا کہ موسمیاتی اقدامات کے لیے رکاوٹوں کے بجائے پل تعمیر کرنے کی ضرورت ہے۔ وفد کا کہنا تھا کہ اگرچہ مجوزہ متن کے بعض حصے کچھ ممالک کے لیے قابل قبول نہیں، لیکن اس بنیاد پر پورے پیکیج کو قربان نہیں کیا جانا چاہیے۔ پاکستان نے اس امید کا اظہار کیا کہ اب بھی کسی قابل عمل راستے پر اتفاق ممکن ہے۔