ذخائر بہتر بنانے اور قیمتوں میں استحکام کے لیے گندم کی درآمد کا تیسر اعالمی ٹینڈر جاری
آخری تاریخ 30 نومبر مقرر کی گئی ہے
تصویر: سوشل میڈیا
حکومت نے ذخائر بہتر بنانے اور قیمتوں کے استحکام کیلئے گندم درآمد کا فیصلہ کرلیا، ٹی سی پی نے تیسرا عالمی ٹینڈر جاری کردیا۔
ٹینڈر جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 نومبر مقرر کی گئی ہے، جس کے تحت بین الاقوامی سپلائرز سے بولیاں طلب کی گئی ہیں۔ حکومت ملکی ضروریات کیلئے مزید 8 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرے گی۔
پاکستان پہلے ہی 5 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کے معاہدے کرچکا ہے، حکام کے مطابق مزید گندم درآمد کا مقصد ملکی ذخائر برقرار رکھنا اور آٹے کی قیمتوں میں استحکام ہے۔
یاد رہے کہ 21 نومبر کو نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت ملک بھر میں بنیادی غذائی اجناس کی دستیابی اور قیمتوں میں استحکام کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں مزید 8 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی سفارش کرنے کا فیصلہ کیا گیاتھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان اس سے قبل بھی 5 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کے معاہدے کر چکا ہے۔