روسی خبر رساں ادارے اسپٹنک کی اردو سروس کا باقاعدہ آغاز

میڈیا تعاون میں اضافہ، وزیر اطلاعات کی مبارکباد، وزیراعظم کا دورہ روس متوقع ہے۔

November 23, 2026 · کامیابی کی داستاں

 

روسی خبر رساں ادارے اسپٹنک نے اردو نیوز سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔یہ قدم دونوں ممالک کے درمیان میڈیا تعاون کے فروغ میں اہم پیش رفت ہے، اور اسپٹنک اردو زبان میں نیوز چینل شروع کرنے والا پہلا روسی خبر رساں ادارہ بن گیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے اسپٹنک اردو سروس کے آغاز پر اپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں ادارے کی انتظامیہ اور ادارتی ٹیم کو دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ نئی سروس پاکستان اور روس کے عوام کو قریب لانے میں کلیدی کردار ادا کرے گی، جس سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد، عوامی روابط اور افہام و تفہیم کو مزید فروغ ملے گا۔

سرکاری دستاویزات اور میڈیا رپورٹس کے مطابق، اسپٹنک کے اس اقدام کا مقصد عالمی سطح پر اردو زبان کے قارئین تک رسائی حاصل کرنا ہے۔ آغاز کے موقع پر روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے اسپٹنک کے ماسکو اسٹوڈیو میں اپنا پہلا خصوصی انٹرویو اردو زبان میں ریکارڈ کروایا، جس میں انہوں نے پاک روس تعلقات اور میڈیا روابط کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف کے متوقع دورۂ روس سے قبل اس سروس کا آغاز انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ روسی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے بتایا کہ وزیراعظم کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان 16 معاہدوں پر دستخط ہوں گے، جن میں تجارت، توانائی، تعلیم اور ثقافت کے شعبے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اسلام آباد سے ماسکو کے لیے پہلی مال بردار ٹرین بھی رواں سال کے اختتام تک روانہ کی جائے گی جو تفتان اور ایران کے راستے روس پہنچے گی۔