بانی پی ٹی آئی کے ایکس اکاؤنٹ پر پابندی کی درخواست پر سماعت ملتوی
عدالت کا فیصلہ، بیرسٹر گوہر کو مہلت، سماعت 23 دسمبر تک ملتوی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ، فائل فوٹو
اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر پابندی عائد کرنے سے متعلق دائر درخواست پر سماعت ہوئی، جس کے دوران عدالت نے بیرسٹر گوہر خان کو جواب جمع کروانے کے لیے مہلت دی ہے۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے غلام مرتضیٰ ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔ اس موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان خود بھی ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہوئے جبکہ تحریک انصاف کی جانب سے وکیل شمسہ کیانی اور خالد یوسف چوہدری بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالتی کارروائی کے دوران فریقین کے دلائل سنے گئے اور عدالت نے بیرسٹر گوہر کو باضابطہ طور پر جواب جمع کرانے کی ہدایت کی۔ عدالت نے مزید کارروائی اور سماعت کو 23 دسمبر تک ملتوی کر دیا ہے۔