شادی میں مہمان بن کرآنے والا چور22 لاکھ کے زیورات و نقدی لے اڑا

پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تحقیقات شروع کردیں

November 24, 2026 · بام دنیا
فوٹو بھارتی میڈیا

فوٹو بھارتی میڈیا

بھارت : غازی آباد شہر کے علاقے ویو سٹی میں شادی کی تقریب کے دوران مہمان کے روپ میں آنے والا نامعلوم چور تقریباً 22 لاکھ 50 ہزار روپے مالیت کے زیورات اور نقدی چوری کرکے فرار ہوگیا، 

بھارتی میڈیا کے مطابق واردات 20 نومبر کو ایک بینکوئٹ ہال میں اس وقت پیش آئی جب دہلی کے علاقے دوارکا سے آنے والے باراتیوں کی شادی کی تقریب جاری تھی۔

پولیس کے مطابق ملزم عام مہمانوں کی طرح تقریب میں شریک ہوا، لوگوں کے ساتھ گھل مل گیا، کھانا بھی کھایا پھر موقع ملنے کا انتظار کرتا رہا۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جینز اور اسپورٹس شوز پہنے ایک شخص ہاتھ میں جیکٹ لیے تقریب کے دوران ایک میز کے قریب پہنچتا ہے، جہاں مہمانوں کے ہینڈ بیگز اور پرس رکھے ہوئے تھے۔

فوٹیج کے مطابق اہل خانہ ڈی جے فلور پر رقص اور شادی کی تقریبات میں مصروف تھے، اسی دوران ملزم نے اردگرد نظر دوڑائی اور ایک بیگ اٹھا کر جیکٹ کے پیچھے چھپا لیا اور خاموشی سے بینکوئٹ ہال سے باہر نکل گیا۔

اہل خانہ کو واردات کا علم اس وقت ہوا جب وہ رقص کے بعد اپنی میز پر واپس آئے اور بیگ غائب پایا۔ چوری شدہ بیگ میں تقریباً 20 لاکھ روپے مالیت کے سونے اور دیگر زیورات جبکہ ڈھائی لاکھ روپے نقد موجود تھے۔

متاثرہ خاندان نے ہال میں تلاش کے باوجود بیگ نہ ملنے پر  پولیس کو اطلاع دی۔

پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کی نقل و حرکت کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے۔ تفتیشی حکام کو شبہ ہے کہ ملزم اکیلا نہیں تھا اور ممکنہ طور پر اس کے ساتھی بھی مہمانوں کے روپ میں تقریب میں موجود تھے، جو واردات میں مدد یا نگرانی کررہے تھے۔

پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔