یمن میں سعودی فضائی حملہ،حوثی میڈیا کا 25 افرادجاں بحق یا لاپتا ہونے کا دعویٰ
سعودی طیاروں نے صوبہ لحج کی وادی مباق میں مسافر بسوں اور ٹرکوں پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں جانی نقصان ہوا۔
یمن میں سعودی فضائی حملہ،حوثی میڈیا کا 25 افرادجاں بحق یا لاپتا ہونے کا دعویٰ
یمن کے جنوب مغربی علاقے میں سعودی عرب کے مبینہ فضائی حملے کے نتیجے میں 25 افراد جاں بحق یا لاپتا جبکہ 6 زخمی ہوگئے۔ حملے میں مسافر بسوں اور ٹرکوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد علاقے میں امدادی سرگرمیاں بھی متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔
حوثی تحریک سے وابستہ خبر رساں ادارے سبا کے مطابق سعودی طیاروں نے صوبہ لحج کی وادی مباق میں مسافر بسوں اور ٹرکوں پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں جانی نقصان ہوا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز نے سبا کے حوالے سے بتایا کہ حملے میں ہلاک یا لاپتا ہونے والوں کی تعداد 25 ہوگئی ہے، جبکہ 6 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
حوثی میڈیا کے مطابق علاقے میں سعودی طیاروں کی مسلسل پروازوں کے باعث امدادی ٹیموں کو متاثرہ مقام تک پہنچنے اور لاپتا افراد کی تلاش میں مشکلات کا سامنا ہے۔
تاہم واقعے میں جانی نقصان اور حملے کی تفصیلات کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔