عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں تین ماہ کی کم ترین سطح کے قریب پہنچ گئیں
برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت میں 66 سینٹ یعنی 0.7 فیصد کمی ہوئی، جس کے بعد فی بیرل قیمت 88 ڈالر 71 سینٹ ہوگئی
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں تین ماہ کی کم ترین سطح کے قریب پہنچ گئیں
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے روز بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد قیمتیں تقریباً تین ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی ہیں۔ آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کو درپیش خطرات کے باوجود عالمی مارکیٹ میں تیل کی بڑھتی ہوئی رسد اور ممکنہ اضافی پیداوار نے قیمتوں پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔
عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت میں 66 سینٹ یعنی 0.7 فیصد کمی ہوئی، جس کے بعد فی بیرل قیمت 88 ڈالر 71 سینٹ ہوگئی۔ اس سے قبل برینٹ خام تیل کی قیمت 31 اگست کے بعد اپنی کم ترین سطح پر بند ہوئی تھی۔
اسی طرح امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت بھی 60 سینٹ یعنی 0.8 فیصد گر کر 79 ڈالر 57 سینٹ فی بیرل ہوگئی۔ کاروباری سیشن کے دوران اس کی قیمت 26 اگست کے بعد کی کم ترین سطح تک بھی پہنچ گئی تھی۔
ڈی بی ایس بینک کے شعبہ توانائی کے سربراہ سوورو سرکار کے مطابق حالیہ دنوں میں برینٹ خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کی رفتار ختم ہوتی دکھائی دے رہی ہے، کیونکہ آبنائے ہرمز کی بندش اور مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باوجود عالمی منڈی میں تیل کی رسد کی صورتحال نسبتاً بہتر ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ سرمایہ کار ایک طرف مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور جہاز رانی میں رکاوٹوں کو دیکھ رہے ہیں، جبکہ دوسری جانب مستقبل میں عالمی منڈی میں تیل کی ضرورت سے زیادہ رسد کے امکانات بھی قیمتوں کو متاثر کر رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کا آئندہ رجحان رسد اور طلب کی صورتحال کے ساتھ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اور آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی آمدورفت سے بھی متاثر ہوگا۔