داعش کی حمایت اور پروپیگنڈا پر امریکی شہری کو 15 سال قید کی سزا
سنگین نوعیت کا جرم، ایف بی آئی کو گمراہ کرنے کا اعتراف، رہائی کے بعد تاحیات نگرانی ہوگی
داعش کی حمایت اور پروپیگنڈا پر امریکی شہری کو 15 سال قید کی سزا
واشنگٹن (نیوز ڈیسک) امریکا میں شدت پسند تنظیم داعش کی حمایت کرنے، تنظیم کے حق میں پروپیگنڈا پھیلانے اور وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی سے جھوٹ بولنے کے جرم میں 30 سالہ امریکی شہری کو 15 سال قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔ امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے جاری کردہ مقدمے کی تفصیلات کے مطابق مجرم نے دہشت گردانہ سرگرمیوں میں معاونت چھپانے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو گمراہ کرنے کے الزامات تسلیم کیے۔
محکمہ انصاف کی دستاویزات کے مطابق مجرم انس سعد نے سوشل میڈیا کے ذریعے داعش کے حق میں ویڈیوز اور پوسٹرز تیار کرنے کا اعتراف کیا۔ ملزم ٹیلی گرام پر داعش کے حامیوں سے مسلسل رابطے میں رہا اور ان سے مشاورت کرتا رہا۔ اس کے علاوہ اس نے اپنی تیار کردہ پروپیگنڈا ویڈیوز داعش سے منسلک میڈیا اداروں کو بھی ارسال کی تھیں، جن کے ذریعے دہشت گرد تنظیم کے نظریات اور پرتشدد سرگرمیوں کی تشہیر کی جا رہی تھی۔ عدالتی فیصلے کے مطابق انس سعد کو مجموعی طور پر 15 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے جبکہ سزا کی تکمیل اور رہائی کے بعد بھی اسے تاحیات نگرانی میں رکھا جائے گا۔
دوسری جانب ایک اور پیش رفت میں امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) کے مجرمانہ معلومات کے قومی ڈیٹا بیس کو سائبر حملے کا نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چند ماہ کے دوران ایف بی آئی کے نظام پر یہ دوسرا مبینہ سائبر حملہ ہے، جس نے امریکی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حساس ڈیٹا کے تحفظ پر نئے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ یہ مرکزی ڈیٹا بیس امریکا بھر کی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جس میں مطلوب افراد، گرفتاریوں کے ریکارڈ، لاپتہ افراد، چوری شدہ گاڑیوں اور اسلحے سمیت حساس مجرمانہ معلومات محفوظ ہوتی ہیں۔ ایف بی آئی نے اس مبینہ مداخلت کا نوٹس لیتے ہوئے باضابطہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔