شیخ حسینہ کا 16 دسمبر کو سرکاری طیارے کے ذریعے بنگلہ دیش واپسی کا اعلان

November 24, 2026 · بام دنیا
شیخ حسینہ کا 16 دسمبر کو سرکاری طیارے کے ذریعے بنگلہ دیش واپسی کا اعلان

شیخ حسینہ کا 16 دسمبر کو سرکاری طیارے کے ذریعے بنگلہ دیش واپسی کا اعلان

بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ نے دو سال سے زائد عرصے کی جلاوطنی ختم کرکے 16 دسمبر کو وطن واپس آنے کا ارادہ ظاہر کردیا ہے۔ ان کے ترجمان کے مطابق شیخ حسینہ نے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی سے ڈھاکا واپسی کے لیے بنگلہ دیش کی قومی فضائی کمپنی کا طیارہ فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق شیخ حسینہ کے ترجمان سید معظم علی نے بتایا کہ سابق وزیراعظم چاہتی ہیں کہ حکومت انہیں بنگلہ دیش کے یومِ فتح کے موقع پر سرکاری فضائی کمپنی بیمان بنگلہ دیش ایئرلائنز کے ذریعے وطن واپس لانے کا انتظام کرے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ شیخ حسینہ کو 5 اگست 2024 کو بنگلہ دیش کے طیارے کے ذریعے بھارت منتقل کیا گیا تھا، اس لیے اب حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ان کی واپسی کے لیے بھی فضائی انتظامات کرے۔

یہ پہلا موقع ہے کہ شیخ حسینہ نے وطن واپسی کے لیے کوئی مخصوص تاریخ دی ہے۔ ان کے اس اعلان سے بنگلہ دیش میں سیاسی اور قانونی کشیدگی بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جہاں ان کی جماعت عوامی لیگ پر پابندی عائد ہے۔

دوسری جانب بنگلہ دیشی حکومت نے ان کی واپسی سے متعلق مؤقف واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیخ حسینہ صرف قانونی حوالگی کے طریقہ کار کے تحت ہی وطن واپس آسکتی ہیں۔ وزیر مملکت برائے خارجہ امور ہمایوں کبیر نے رائٹرز کو بتایا کہ انہیں حوالگی کے معاہدے کے تحت، سخت نگرانی میں اور ہتھکڑیوں کے ساتھ واپس لایا جا سکتا ہے۔

بنگلہ دیشی حکومت نے شیخ حسینہ کی جانب سے سرکاری طیارہ بھیجنے کے مطالبے کو بھی مسترد کردیا ہے۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ حکومت ایسے کسی مطالبے پر غور نہیں کرے گی۔

واضح رہے کہ شیخ حسینہ کو گزشتہ سال بنگلہ دیش کی عدالت نے ان کی غیر موجودگی میں سزائے موت سنائی تھی۔ ان پر طلبہ کی قیادت میں ہونے والی تحریک کے دوران مظاہرین کے خلاف مہلک کریک ڈاؤن کا حکم دینے کا الزام تھا، تاہم وہ جلاوطنی کے دوران ان الزامات کی تردید کرتی رہی ہیں۔

بنگلہ دیش کے چیف پراسیکیوٹر امین الاسلام نے بھی کہا ہے کہ سزا یافتہ مفرور شخص کی جانب سے حکومت سے اپنی واپسی کے لیے انتظامات کی توقع کرنا غیر معقول ہے۔

اقوام متحدہ کے مطابق بنگلہ دیش میں حکومت مخالف بدامنی کے دوران 1400 تک افراد ہلاک ہوئے تھے، جس کے نتیجے میں شیخ حسینہ کو اقتدار چھوڑنا پڑا اور وہ بھارت چلی گئی تھیں۔