وزیراعظم محمد شہباز شریف کا وزراء کی جانب سے حالیہ بیان بازی کا نوٹس

وفاقی کابینہ کے تمام اراکین ایک دوسرے کے خلاف سیاسی بیان بازی سے مکمل گریز کریں اور باہمی معاملات افہام و تفہیم اور اتفاق رائے سے آگے بڑھائیں۔

November 24, 2026 · اہم خبریں, قومی
وزیراعظم محمد شہباز شریف کا وزراء کی جانب سے حالیہ بیان بازی کا نوٹس

وزیراعظم محمد شہباز شریف کا وزراء کی جانب سے حالیہ بیان بازی کا نوٹس

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی وزراء کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف حالیہ بیان بازی کا نوٹس لیتے ہوئے کابینہ ارکان کو سیاسی اختلافات پر عوامی سطح پر ایک دوسرے کے خلاف بیانات دینے سے گریز کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی تمام تر توجہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر مرکوز ہے، جبکہ حکومت معاشی استحکام سے پائیدار معاشی ترقی کی جانب اپنا سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان کو بین الاقوامی سطح اور سفارتی محاذ پر بھی متعدد اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ وفاقی حکومت نے ہمیشہ تعمیر و ترقی کی سیاست کو فروغ دیا ہے اور اب بھی تمام وزراء کی توجہ عوامی خدمت اور ملکی ترقی پر رہنی چاہیے۔

شہباز شریف نے ہدایت کی کہ وفاقی کابینہ کے تمام اراکین ایک دوسرے کے خلاف سیاسی بیان بازی سے مکمل گریز کریں اور باہمی معاملات افہام و تفہیم اور اتفاق رائے سے آگے بڑھائیں۔

وزیراعظم کے مطابق وفاقی وزراء کی ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی سے منفی تاثر پیدا ہوتا ہے اور تعمیر و ترقی کے ایجنڈے سے توجہ ہٹتی ہے، جبکہ کابینہ کے وزراء اچھا کام کر رہے ہیں، اس لیے انہیں اپنی توجہ عوامی خدمت پر مرکوز رکھنی چاہیے۔

وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں کے نمائندوں کو بھی ایسی بیان بازی سے گریز کرنے اور مثبت بات چیت کو فروغ دینے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک دوسرے کے خلاف بیانات کا سلسلہ مکمل طور پر بند ہونا چاہیے اور سیاسی استحکام کے لیے سب کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔