سال 2018 میں پاکستان کے خلاف دبئی ٹیسٹ میں بال ٹیمپرنگ کے مبینہ منصوبے کا انکشاف
اہم انکشاف، آسٹریلوی ٹیم پر نئے الزامات، تحقیقاتی رپورٹ سامنے آ گئی،
سال 2018 میں پاکستان کے خلاف دبئی ٹیسٹ میں بال ٹیمپرنگ کے مبینہ منصوبے کا انکشاف
آسٹریلوی کرکٹ کا بال ٹیمپرنگ اسکینڈل ایک بار پھر دنیا بھر میں خبروں کی زینت بن گیا ہے، جہاں کیپ ٹاؤن واقعے کے صرف 6 ماہ بعد پاکستان کے خلاف دبئی ٹیسٹ میں بھی گیند کی حالت تبدیل کرنے کے مبینہ منصوبے کا انکشاف کیا گیا ہے۔
تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2018 میں پاکستان کے خلاف دبئی ٹیسٹ کے دوران مبینہ طور پر گیند پر منٹس استعمال کرکے اس کی حالت تبدیل کرنے کی تجویز پیش کی گئی تھی۔ آسٹریلوی کھلاڑیوں نے اس حوالے سے آپس میں مشورہ کیا تھا، جس پر ایک نئے کھلاڑی نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہاکہ کیا ٹیم ایک بار پھر وہی حرکت کرنے جا رہی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دبئی ٹیسٹ کے دوران ایک متبادل فیلڈر کو منٹس لینے کے لیے ڈریسنگ روم بھیجا گیا تھا، تاہم اس دوران آسٹریلوی کپتان ٹم پین نے فوری مداخلت کرتے ہوئے اس فیلڈر کو واپس بھیج دیا۔ تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق سابق آسٹریلوی کوچ جسٹن لینگر کھلاڑیوں کے اس مبینہ اقدام پر شدید برہم ہوئے اور انہوں نے سخت پیغام دیا، جبکہ ٹم پین نے سپورٹ اسٹاف کو یقین دہانی کرائی کہ ان کی کپتانی میں منٹس کے ذریعے گیند کی حالت ہرگز تبدیل نہیں کی جائے گی۔
دوسری جانب جنوبی افریقا کے سابق اسٹار بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز نے بھی 2018 کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کے حوالے سے نئے دعوے کیے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ آسٹریلوی ٹیم نے جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ ہی سے گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کا سلسلہ شروع کر دیا تھا۔ ڈی ویلیئرز نے ڈربن ٹیسٹ کے دوران گیند کے غیر معمولی طور پر جلد ریورس سوئنگ ہونے پر سوالات اٹھائے ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل کیپ ٹاؤن میں کیمرون بینکرافٹ کو سینڈ پیپر استعمال کرتے ہوئے پکڑا گیا تھا جس کے بعد اسٹیو اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور بینکرافٹ پر پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔