ریاض کی بلند ترین عمارت پر حوثیوں کا ایک ہفتے میں دوسری بار حملہ ،11 افراد زخمی
حکام جائے وقوعہ کا جائزہ لے رہے ہیں اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں ، ترجمان ترکی المالکی
فوٹو سعودی میڈیا
ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے مالیاتی مرکز میں واقع بلند ترین عمارت کو ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں دوسری بار نشانہ بنایا گیا ہے جس کے نتیجے میں 11 افراد زخمی ہوگئے۔
سعودی سول ڈیفنس کے مطابق زخمیوں میں 2 سعودی شہری اور 9 غیر ملکی شامل ہیں، جن میں 2 بھارتی، 3 نیپالی اور 4 مصری شہری ہیں۔
سعودی قیادت میں یمن میں حوثی جنگجوؤں کے خلاف کارروائیاں کرنے والے اتحاد نے تصدیق کی ہے کہ ریاض کے مالیاتی مرکز میں ایک عمارت پر حملہ ہوا ہے۔ اس سے قبل خبر رساں ادارے اے ایف پی نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا تھا کہ سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی عمارت کو نشانہ بنایا گیا۔
اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ ریاض کے مالیاتی مرکز میں واقع ایک عمارت کو ’بزدلانہ دہشت گرد حملے‘ میں نشانہ بنایا گیا ہے۔ ان کے مطابق حکام جائے وقوعہ کا جائزہ لے رہے ہیں اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
اس سے قبل گذشتہ جمعرات کو بھی اس عمارت کو میزائل حملے میں نقصان پہنچا تھا، جس کا الزام حوثی جنگجوؤں پر عائد کیا گیا تھا۔