غزہ:اسرائیلی فضائی حملے میں حماس کے داخلی سیکیورٹی کے سربراہ شہید
50 سالہ نعیم ابو نہل رواں سال ستمبر میں اس عہدے پر تعینات ہوئے تھے
فائل فوٹو
غزہ: اسرائیلی فضائی حملے میں غزہ میں حماس کے داخلی سیکیورٹی ادارے کے سربراہ نعیم ابو نہل شہید ہو گئے ۔
غزہ میں حماس کے زیرِ انتظام وزارتِ داخلہ کے مطابق نعیم ابو نہل کو غزہ شہر کے مغربی علاقے میں ایک فضائی حملے میں نشانہ بنایا گیا۔ 50 سالہ نعیم ابو نہل رواں سال ستمبر میں اس عہدے پر تعینات ہوئے تھے، جب ان کے پیشرو کو اسرائیلی فوج کے خصوصی دستوں نے ایک کارروائی کے دوران گرفتار کر لیا تھا۔
اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نتن یاہو اور وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے بھی نعیم ابو نہل کو اسرائیلی فوج کی کارروائی میں شہید کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس سے قبل فلسطینی امدادی کارکنوں اور طبی حکام نے منگل کو غزہ میں دو دیگر اسرائیلی فضائی حملوں میں 6 افراد کی شہادت کی اطلاع دی تھی۔
حکام کے مطابق غزہ شہر کے جنوب میں وادی غزہ کے علاقے میں ایک حملے میں 3 افراد شہید ہوئے، جن میں ایک نوجوان بھی شامل تھا۔ جبکہ خان یونس کے مغرب میں المواصی کے علاقے میں پولیس سٹیشن پر ایک دوسرے حملے میں 3 افراد شہید ہوئے، جن میں دو پولیس اہلکار شامل تھے۔