پاکستان کے پہلے خلائی مشن پر عسکری قیادت کی قوم اور سائنس دانوں کو مبارک باد

فوجی سربراہان کا خصوصی بیان جاری

November 25, 2026 · اہم خبریں
پاکستان کے پہلے خلائی مشن پر عسکری قیادت کی قوم اور سائنس دانوں کو مبارک باد

پاکستان کے پہلے خلائی مشن پر عسکری قیادت کی قوم اور سائنس دانوں کو مبارک باد

 

 عسکری قیادت نے پاکستان کے پہلے انسانی خلائی مشن کے تاریخی آغاز اور پہلے پاکستانی خلا باز ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کے چینی خلائی اسٹیشن “تیانگونگ” کی جانب سفر پر پوری قوم، سپارکو اور سائنسی برادری کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق،چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف،سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈجنرل سید عامر رضا نے اس عظیم کامیابی پر مسلح افواج کی جانب سے مسرت کا اظہار کیا ہے۔

عسکری قیادت نے اپنے پیغام میں کہا کہ ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی نہ صرف پاکستان کے پہلے خلا باز ہیں بلکہ چینی خلائی اسٹیشن تیانگونگ کا سفر کرنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بھی ہیں، جو ملکی سائنسی و تکنیکی ترقی میں ایک فیصلہ کن سنگِ میل اور پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔

فوجی قیادت نے اس تاریخی کامیابی کو ممکن بنانے پر سپارکو کے سائنسدانوں، انجینئرز اور تکنیکی ٹیموں کی غیر متزلزل لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

مسلح افواج نے اس اہم سنگِ میل کے حصول میں قیمتی تعاون اور مدد فراہم کرنے پر عوامی جمہوریہ چین کی قیادت، حکومت اور عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہری اور شہد سے میٹھی لازوال دوستی آج زمین کی حدود سے نکل کر خلا کی وسعتوں میں نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ انسان بردار خلائی پرواز میں پاکستان کی شمولیت ملک کے انسانی وسائل، سائنسی ذہانت اور تکنیکی صلاحیتوں کی عکاس ہے اور یہ کارنامہ آنے والی نسلوں کو سائنس، ٹیکنالوجی اور جدت طرازی کے میدان میں آگے بڑھنے کی ترغیب دے گا۔ مسلح افواج نے ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کے مشن کی مکمل کامیابی اور زمین پر بخیریت واپسی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ہے۔