کراچی میں بین الاقوامی میڈیکل بلنگ فراڈ کا نیٹ ورک بے نقاب، 5 ملزمان گرفتار
اہم کارروائی، کروڑوں روپے کی نقدی برآمد، مقدمہ درج ہوگا۔
این سی سی آئی اے کی جانب سے کراچی میں گرفتار ملزمان سے برآمد کی گئی نقدی اور دیگر سامان کا منظر
نیشنل سائبرکرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے امریکی شہریوں بالخصوص بزرگ افراد کو طبی آلات اور ہیلتھ انشورنس کے نام پر کروڑوں روپے کا دھوکہ دینے والے ایک بین الاقوامی فراڈ نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا ہے۔ کارروائی کے دوران 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں نقدی، ڈیجیٹل کرنسی، مہنگی گاڑیاں اور ڈیجیٹل ڈیوائسز تحویل میں لی گئی ہیں۔
این سی سی آئی اے حکام کے مطابق یہ نیٹ ورک 2020 سے 2025 کے دوران شاہراہ فیصل کراچی پر واقع انعم ایمپائر میں گلوبل ریسورس گروپ، فینکس مارکیٹنگ سلوشن اور دی کال سلوشن کے نام سے سرگرم تھا۔ دستاویز اور تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق ملزمان امریکہ میں مقیم بزرگ شہریوں کو فون کر کے دیرپا استعمال کے طبی آلات (ڈی ایم ای) اور ہیلتھ انشورنس کے حوالے سے گمراہ کرتے تھے۔ شہریوں کی حاصل کردہ ذاتی اور طبی معلومات امریکہ میں موجود اپنے میڈیکل بلنگ پارٹنر کو فراہم کی جاتی تھیں، جو وہاں میڈی کیئر، ہیومانا اور یونائیٹڈ ہیلتھ کیئر جیسے اداروں میں جعلی انشورنس کلیمز جمع کروا کر رقوم حاصل کرتا تھا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق این سی سی آئی اے کراچی نے 10 نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 2026/134 درج کر لیا ہے۔ گرفتار ملزمان میں بلال احمد، اسد علی عباسی، طلحہ یونس، ملک ریاض عرف شیزی اور عبد الوحید شامل ہیں جبکہ ایک بینک برانچ مینیجر سمیت 5 مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے شہزاد اکبر نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ چھاپے کے دوران چرچ کے احاطے میں کھڑی گاڑی سے 15 کروڑ روپے نقد، کرنسی گننے والی مشین، 6 کروڑ روپے مالیت کی ڈیجیٹل کرنسی (بائنانس اکاؤنٹ میں 223,309 امریکی ڈالر سے زائد)، 11 ڈیجیٹل ڈیوائسز اور تقریباً 4 کروڑ 80 لاکھ روپے مالیت کی 4 لگژری گاڑیاں برآمد کی گئی ہیں۔
تحقیقات کے مطابق غیر قانونی سرگرمیوں سے حاصل ہونے والی تقریباً ایک ارب 20 کروڑ روپے کی رقم حوالہ ہنڈی اور مرچنٹ سہولیات کے ذریعے پاکستان منتقل کی گئی۔ اس مقصد کے لیے فرضی کمپنیوں کے نام پر 23 بینک اکاؤنٹس استعمال کیے گئے جن میں سے بیشتر سندھ مسلم کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کی ایک نجی بینک برانچ میں کھولے گئے تھے جہاں قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مشکوک ٹرانزیکشنز کی گئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ 2016 کے تحت مقدمہ درج کر کے منی لانڈرنگ اور دیگر پہلوؤں پر مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔