سپریم کورٹ نے بیوی کی جانب سے شوہر کے نام جائیداد کا ہبہ کرنے کا دعویٰ مسترد کر دیا
اہم فیصلہ، خاتون کو گھر کا قانونی مالک قرار دے دیا، شوہر کی اپیل خارج۔
سپریم کورٹ آف پاکستان کا بیرونی منظر۔
اسلام آباد میں سپریم کورٹ آف پاکستان نے بیوی کی جانب سے شوہر کے نام گھر ہبہ (گفٹ) کرنے کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے شوہر کی اپیل خارج کر دی ہے اور خاتون کو گھر کا قانونی مالک قرار دے دیا ہے۔ عدالتِ عظمیٰ کے جسٹس شاہد وحید اور جسٹس نعیم اختر افغان پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے کیس کا فیصلہ سنایا، جو کہ جسٹس شاہد وحید نے تحریر کیا۔
عدالتِ عظمیٰ نے قرار دیا کہ محض رجسٹرڈ گفٹ ڈیڈ اور انتقال جائیداد کی ملکیت ثابت کرنے کے لیے کافی نہیں ہیں، کیونکہ اسلامی قانون میں ہبہ کے لیے اعلان، قبولیت اور قبضے کی منتقلی بنیادی شرائط ہیں۔ دستاویزی شواہد اور عدالتی فیصلے کے متن کے مطابق شوہر یہ ثابت کرنے میں ناکام رہا کہ اس نے بیوی کی جانب سے گھر کا ہبہ قبول کیا تھا۔ گفٹ ڈیڈ پر صرف بیوی کے دستخط اور انگوٹھے کا نشان موجود تھا، جبکہ شوہر کے دستخط اور ہبہ قبول کرنے کا کوئی ذکر نہیں تھا۔ مزید برآں، گفٹ ڈیڈ میں گواہوں کے دستخط کی جگہ بھی خالی تھی، شناخت کنندہ بھی پیش نہیں کیا گیا اور شوہر مبینہ ہبہ کے گواہوں کے نام تک نہیں بتا سکا۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ شوہر نے مؤقف اپنایا تھا کہ اس نے بیوی سے صلح کے لیے گھر اپنے نام منتقل کرنے کی شرط رکھی تھی، تاہم شادی برقرار رکھنے کے بدلے بیوی سے گھر حاصل کرنا ہبہ نہیں بلکہ معاوضے کا معاملہ ہے اور صلح کی ایسی شرط رضامندی کو آزادانہ نہیں رہنے دیتی۔ عدالت کے مطابق بیوی کی آزادانہ رضامندی اور ہبہ کی تکمیل ثابت کرنے کی ذمہ داری شوہر پر عائد تھی۔ عدالتِ عظمیٰ نے نشاندہی کی کہ شوہر ایک طرف بیوی کو گھر کا ہبہ کرنے والا مالک قرار دیتا رہا اور دوسری طرف بے نامی مالک قرار دیتا رہا، جو کہ دو متصادم مؤقف ہیں، اور شوہر کا بے نامی ملکیت کا دعویٰ بھی ثابت نہیں ہو سکا۔ پلاٹ کی خریداری، ابتدائی انتقال اور ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن کا قرض بھی بیوی کے نام تھا، لہٰذا بیوی کے نام جائیداد خرید کر قانونی تقاضوں کے بغیر اسے اپنی ملکیت قرار دینا ناقابلِ قبول ہے۔
ریکارڈ کے مطابق شوہر نے 1994 میں بیوی کے نام گھر کی گفٹ ڈیڈ اپنے حق میں رجسٹرڈ کرائی تھی، تاہم وہ اگست 1998 میں گھر چھوڑ کر چلا گیا اور 1999 میں طلاق ہو گئی۔ سپریم کورٹ نے تاریخی اصول وضع کرتے ہوئے قرار دیا کہ شادی کے بعد بھی عورت اپنی جائیداد کی مکمل اور آزادانہ مالک رہتی ہے اور شوہر یا کسی مرد رشتہ دار کو اس کی رضامندی کے بغیر اس کی ملکیت پر خود بخود کوئی حق حاصل نہیں ہوتا۔ دورانِ سماعت جب عدالت نے شوہر سے پوچھا کہ کیا وہ گھر بچوں کے نام کریں گے تو شوہر نے جواب دیا کہ وہ بچوں کا مالک نہیں ہے، جس پر عدالت نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ باپ کا بچوں سے تعلق کوئی ملکیتی دستاویز نہیں ہے۔ عدالت نے اس امر پر بھی توجہ دلائی کہ خاتون کو اپنے گھر کے تحفظ کے لیے 4 عدالتی فورمز پر 28 سال سے زائد عرصے تک مقدمہ لڑنا پڑا۔
عدالت نے 21 اپریل 1994 کی گفٹ ڈیڈ اور 31 مئی 1994 کا انتقال نمبر 20851 بیوی کے خلاف بے اثر قرار دیتے ہوئے متعلقہ سب رجسٹرار اور ریونیو حکام کو سرکاری ریکارڈ میں ضروری تبدیلیاں کرنے کا حکم دیا ہے۔ آخر میں سپریم کورٹ نے شوہر کو حکم دیا کہ وہ فیصلے کے 30 روز کے اندر بیوی کو 5 لاکھ روپے عدالتی اخراجات ادا करे۔