پورٹو ریکو کی جینیفر بیریٹو نے مس یونیورس 2026 کا تاج اپنے نام کرلیا

عالمی مقابلہ حسن، 116 حسیناؤں کو شکست دی، بھاری مالی انعامات بھی ملیں گے

November 25, 2026 · اہم خبریں
مس یونیورس 2026 کا تاج جیتنے والی پورٹو ریکو کی جینیفر بیریٹو

مس یونیورس 2026 کا تاج جیتنے والی پورٹو ریکو کی جینیفر بیریٹو

پورٹو ریکو سے تعلق رکھنے والی 27 سالہ جینیفر بیریٹو نے 116 امیدواروں کو شکست دے کر مس یونیورس 2026 کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ سال 2001 کے بعد اپنے ملک کے لیے یہ تاج جیتنے والی دوسری خاتون بن گئی ہیں، جب کہ وہ مس یونیورس کا تاج جیتنے والی پہلی ماں بھی قرار دی جا رہی ہیں کیونکہ وہ 7 سالہ بیٹی کی والدہ ہیں۔

میڈیا ذرائع کے مطابق اس سال مقابلے میں متعارف کرائے گئے تاج کا نام دی ریڈیئنس آف این ایٹرنل لیگیسی رکھا گیا ہے، جو 18 قیراط سفید سونے سے تیار کیا گیا ہے اور اس میں 3 ہزار 150 ہیرے جڑے ہیں۔ فائنل تقریب میں سابقہ مس یونیورس اور میکسیکو کی فاطمہ بوش نے جینیفر کو تاج پہنایا، جبکہ ڈومینیکن ریپبلک کی میلیسا نونیز فرسٹ رنر اپ اور وینزویلا کی کلارا ویگاس گوئٹز سیکنڈ رنر اپ رہیں۔ فائنل راؤنڈ میں رہنماؤں سے متعلق پوچھے گئے سوال پر جینیفر بیریٹو نے جواب دیا کہ دنیا کو ایسے رہنماؤں کی ضرورت ہے جن میں ہمدردی اور دوسروں کو سمجھنے کی صلاحیت ہو۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مس یونیورس کا اعزاز حاصل کرنے پر جینیفر بیریٹو کو ڈھائی لاکھ امریکی ڈالر کی یکمشت انعامی رقم ملنے کی اطلاع ہے، جبکہ اپنے 12 ماہ کے دور میں انہیں ہر ماہ 50 ہزار ڈالر معاوضہ بھی دیا جائے گا جس سے سالانہ معاوضے کی مجموعی رقم 6 لاکھ امریکی ڈالر بنتی ہے۔ اس کے علاوہ انہیں نیویارک میں ایک لگژری اپارٹمنٹ میں رہائش، دنیا بھر کے مفت دورے، اور فیشن ڈیزائنرز، اسٹائلسٹس سمیت صحت اور غذائیت کے ماہرین کی خدمات بھی فراہم کی جائیں گی۔