پشاور میں بائیکیا رائیڈر کے قتل کا معمہ حل، بیوی اور سوتیلی ماں گرفتار
اہم پیش رفت، پولیس نے اندھے قتل کا سراغ لگا لیا، تفتیش جاری ہے
پشاور میں بائیکیا رائیڈر کے قتل کی تفتیش اور پولیس کی کارروائی کا منظر
پشاور میں بائیکیا رائیڈر کے اندھے قتل کی واردات کا معمہ حل ہو گیا ہے جہاں تین بچوں کے باپ سلمان کو مبینہ طور پر اس کی اپنی بیوی اور سوتیلی والدہ نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر قتل کروایا۔ پولیس کے مطابق مقتول سلمان کی بیوی کے دوسرے افراد کے ساتھ مبینہ تعلقات اور موبائل فون کے استعمال پر شوہر سے اختلافات قتل کی بڑی وجہ بنے۔ ملزمان نے سلمان کو راستے سے ہٹانے کے لیے منصوبہ بندی کی اور قتل کی واردات کو رہزنی کا رنگ دینے کی کوشش کی تھی۔ بھانہ ماڑی پولیس نے جدید سائنسی خطوط پر تفتیش اور موبائل فون ڈیٹا کی مدد سے 2 خواتین سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقتول سلمان ولد اشفاق خان سکنہ لنڈی ارباب بھانہ ماڑی محنت مزدوری کے لیے بائیکیا رائیڈر چلاتا تھا، جسے 19 نومبر کو تھانہ بھانہ ماڑی کی حدود گلونو ڈاگ میں فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا۔ واقعے کے بعد مقتول کے سوتیلے بھائی اسماعیل کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کی گئی تھی۔ سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی احکامات جاری کیے تھے، جن پر عمل کرتے ہوئے پولیس ٹیموں نے جدید سائنسی طریقوں اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے اہم شواہد اکٹھے کیے۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ مقتول کی بیوی کے جاوید اقبال اور عابد نامی افراد کے ساتھ مبینہ دوستانہ تعلقات تھے، جن پر مقتول کو اعتراض تھا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق مقتول کی بیوی، اس کی والدہ، ماموں عابد اور ایک دوسرے ساتھی جاوید اقبال نے باہمی منصوبہ بندی کے تحت سلمان کو قتل کیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے قتل میں ملوث 2 خواتین اور 1 مرد کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ دونوں خواتین کو مزید تفتیش کے لیے وومن پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور واردات کے دیگر ممکنہ سہولت کاروں کے کردار کا بھی تعین کیا جا رہا ہے۔