بھارت میں بیٹی کی شادی پر تقریب میں رقص کرتے ہوئے باپ چل بسا

افسوسناک واقعہ، اہلخانہ نے دلہن سے موت کی خبر چھپائے رکھی، شادی کی رسومات مکمل ہونے کے بعد تدفین کردی گئی۔

November 26, 2026 · چشم حیرت
شادی کی تقریب کے دوران پیش آنے والے اس اندوہناک واقعے پر علاقہ بھر میں سوگ کی فضا چھا گئی۔

شادی کی تقریب کے دوران پیش آنے والے اس اندوہناک واقعے پر علاقہ بھر میں سوگ کی فضا چھا گئی۔

 

بھارتی ریاست راجستھان میں بیٹی کی شادی کی خوشیاں اس وقت ماتم میں تبدیل ہو گئیں جب تقریب کے دوران رقص کرتا ہوا باپ دل کا دورہ پڑنے سے جان کی بازی ہار گیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ دلخراش واقعہ ضلع اُدے پور میں پیش آیا جہاں 51 سالہ شنکر لال میگھوال اپنی بیٹی پریانکا کی شادی سے قبل ہونے والی تقریب میں خوشیاں منا رہے تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 20 نومبر کی شب رقص کرنے کے دوران اچانک شنکر لال کے سینے میں شدید درد اٹھا اور ان کی طبیعت بگڑ گئی۔ اہلخانہ انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کرنے میں کامیاب ہو گئے لیکن اسپتال کے ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد ان کے انتقال کی تصدیق کردی۔

اندوہناک صورتحال کے پیش نظر اہلخانہ نے انتہائی دانشمندی اور حوصلے کا مظاہرہ کرتے ہوئے دلہن اور اس کی والدہ سے یہ المناک خبر چھپائے رکھی۔ انہیں بتایا گیا کہ شنکر لال کی طبیعت خراب ہے اور وہ اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) میں زیرِ علاج ہیں۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر دلہا اپنے 15 سے 20 قریبی رشتہ داروں کے ہمراہ دلہن کے گھر پہنچا اور تمام تر حالات کے باوجود 21 نومبر کی رات تقریباً 3 بجے شادی کی تمام رسومات کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیں۔ بیٹی کی رخصتی کے بعد اہلخانہ نے غم کے عالم میں اسی روز شنکر لال میگھوال کی آخری رسومات ادا کر دیں۔