پونچھ کے غیور اور باشعور عوام کی قومی خدمات کو خراج تحسین ۔ ذمہ دارانہ کردار اداکریں، آزادکشمیر اسمبلی

قرارداد متفقہ طورپر منظور۔مسلج جتھوں کے خاتمے اور بندراستے فوری کھولنے کا مطالبہ

November 26, 2026 · اہم خبریں

آزاد کشمیر اسمبلی۔فائل فوٹو

 

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی نے امنِ عامہ کی بحالی اور شہری حقوق کے تحفظ پر انتہائی اہم قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی جس میں تحریکِ آزادی کشمیر کے لیے پونچھ کے عوام کی تاریخی خدمات کو شاندار خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے مسلح جتھوں کے خاتمے اور بند راستے فوری کھولنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

قانون ساز اسمبلی میں منظور کی گئی قرارداد میں عوامی جان و مال کے تحفظ کی خاطر اپنی جانیں قربان کرنے والے پولیس اور رینجرز کے شہدا کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور شہدا کے لواحقین سے دلی تعزیت و یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ ایوان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نو منتخب اسمبلی موجودہ انتظامی ڈھانچے کو برقرار رکھنے اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔

خطہ پونچھ کی تاریخی، سیاسی اور قومی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا گیاہے کہ غیور، باشعور اور محب وطن عوام اپنی عظیم روایات برقرار رکھتے ہوئے اپنے علاقوں میں امن واستحکام اور قانون کی حکمرانی کے لیے ذمہ دارانہ کردار ادا کریں گے ، اور ایسے عناصر کی منفی سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی کریں گے جو پاکستان اور تحریک آزادی کشمیر کے بنیادی نصب العین ، عوامی امن، انسانی جانوں اور ریاستی استحکام کے خلاف پرتشدد ، دہشت گردانہ اور ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔

قرارداد کے متن میں واضح کیا گیا ہے کہ پُرامن احتجاج، سیاسی سرگرمی اور اختلافِ رائے ہر شہری کا بنیادی آئینی حق ہے، تاہم کسی بھی مسلح جتھے کو بزورِ اسلحہ راستے بند کرنے کا کوئی حق نہیں دیا جا سکتا۔ ایوان نے کالعدم کمیٹی سے وابستہ مسلح گروہوں کی پُرتشدد کارروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ 6 جون سے اب تک پیش آنے والے مختلف پُرتشدد واقعات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 34 اہلکار شہید اور 248 زخمی ہو چکے ہیں۔

اسمبلی نے راولاکوٹ سمیت دیگر متاثرہ علاقوں میں راستوں کی بندش کے باعث علاج معالجے، تعلیم اور خوراک کی ترسیل متاثر ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

قرارداد میں کہا گیا کہ حکومت نے عوامی مسائل کے حل کے لیے متعدد جائز مطالبات تسلیم کیے اور ان پر عمل درآمد بھی کیا، جبکہ مسئلے کا سیاسی حل تلاش کرنے کے لیے آل پارٹیز کانفرنس بلائی گئی اور انتخابات میں شرکت کی پیشکشیں بھی کی گئیں، تاہم کالعدم کمیٹی کی قیادت نے انہیں مسترد کر دیا۔ اسی طرح آئینی سوالات پر سپریم کورٹ سے رائے لینے کی پیشکش بھی مسترد کر دی گئی۔

قرارداد کے اختتام پر ایوان نے پرزور مطالبہ کیا کہ تمام بند راستے فوری طور پر کھولے جائیں اور شہریوں کو بلاخوف و خطر اپنے گھروں کو واپس جانے دیا جائے۔ مزید برآں، مسلح گروہوں کا فوری خاتمہ کیا جائے اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے سمیت سنگین جرائم میں ملوث افراد کو قانون کے حوالے کیا جائے۔