شان ٹیٹ پاکستان سپر لیگ کے 12ویں ایڈیشن کے لیے لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ مقرر
اہم تقرری، آسٹریلوی فاسٹ بولر ذمہ داریاں سنبھالیں گے، فرنچائز کی طرف سے باضابطہ تصدیق کر دی گئی،
شان ٹیٹ کو لاہور قلندرز کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا گیا ہے۔
پاکستان سپر لیگ (PSL) کے 12ویں ایڈیشن کے لیے پاکستان کی معروف فرنچائز لاہور قلندرز نے آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر شان ٹیٹ کو ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔ تقرری کی تصدیق فرنچائز کے مالکان اور انتظامیہ کی جانب سے کی گئی ہے۔
لاہور قلندرز کے آنر ثمین رانا نے شان ٹیٹ کی تقرری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ شان ٹیٹ قلندرز فیملی میں ایک شاندار اضافہ ہیں اور وہ پی ایس ایل کے اگلے ایڈیشن میں ہیڈ کوچ کی اہم ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ ثمین رانا کا مزید کہنا تھا کہ شان ٹیٹ اس سے قبل گلوبل سپر لیگ کے دوران بھی لاہور قلندرز کے ساتھ کام کر چکے ہیں، جبکہ وہ پی ایس ایل کے مقابلوں کے علاوہ بھی فرنچائز کے فاسٹ بولرز کی تربیت اور رہنمائی کے فرائض انجام دیں گے۔
دوسری جانب لاہور قلندرز کے نئے ہیڈ کوچ شان ٹیٹ نے اپنی تقرری پر انتہائی خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ انہیں بے حد خوشی ہے کہ وہ آنے والے ایڈیشن میں لاہور قلندرز کی کوچنگ کریں گے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ وہ گلوبل سپر لیگ کے دوران گیانا میں لاہور قلندرز کے ساتھ خدمات سر انجام دے چکے ہیں جس کی وجہ سے فرنچائز کے ساتھ ان کی بہترین انڈراسٹینڈنگ موجود ہے اور وہ دونوں ایک دوسرے کے کام کرنے کے انداز سے بخوبی واقف ہیں۔
شان ٹیٹ نے مزید بتایا کہ وہ ثمین رانا کے ساتھ مل کر فرنچائز کے انتظامی معاملات بھی دیکھ چکے ہیں، جبکہ اس سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ کوچنگ کے دوران فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کے ساتھ بھی کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں پاکستان کی پچز، یہاں کے موسمی حالات اور مقامی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا مکمل اندازہ ہے۔ شان ٹیٹ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ لاہور قلندرز کے حوالے سے طویل عرصے سے مثبت باتیں سنتے آئے ہیں اور فرنچائز کا ہیڈ کوچ بننا ان کے لیے ایک اعزاز کی بات ہے کہ وہ پی ایس ایل کے اس سفر میں اس جاندار ٹیم کے ساتھ منسلک ہوئے ہیں۔