صدر زرداری کا 2 روزہ دورہ لاہور اور اہم ملاقاتوں کا فیصلہ
سیاسی منظر نامے میں ہلچل، چوہدری شجاعت سے ملاقات متوقع، دورہ ذاتی بھی قرار۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کا سیاسی امور پر مشاورت کے لیے لاہور کا دورہ۔
ملکی سیاسی منظر نامے میں ایک اہم پیشرفت کے تحت صدر مملکت آصف علی زرداری نے ہنگامی طور پر لاہور کا دو روزہ دورہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری اپنے اس دورے کے دوران کل شام پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے اہم ملاقات کریں گے۔
ایوانِ صدر کے ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی اس ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ سیاسی حلقوں کی جانب سے صدرِ مملکت کے اس ہنگامی دورے کو موجودہ ملکی سیاسی تناظر میں انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ صدر آصف علی زرداری خاص طور پر اس ملاقات کے لیے لاہور تشریف لا رہے ہیں، جبکہ ہفتے کی دوپہر ان کی ایک اور اہم سیاسی شخصیت سے بھی ملاقات کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب ایوانِ صدر کے حکام کا مؤقف ہے کہ صدر آصف علی زرداری کا یہ مجوزہ دو روزہ دورہ بظاہر ذاتی نوعیت کا بھی ہے۔