کراچی میں موسم خشک اور دھند کا امکان، سندھ اور بلوچستان میں خشک سالی کا الرٹ جاری
موسمیاتی تبدیلیاں، بارشوں میں کمی کا انتباہ، عالمی درجہ حرارت میں ریکارڈ اضافہ
محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں خشک سالی کا الرٹ جاری کر دیا ہے
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں موسم خشک اور صبح کے وقت ہلکی دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔
شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ اور موجودہ درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ہوا میں نمی کا تناسب 86 فیصد ہے ۔شمال مشرقی سمت سے 4 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کا زیادہ سے زیادہ پارہ 31 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے خطرناک اثرات کے باعث محکمہ موسمیات نے سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں خشک سالی کا باقاعدہ الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ملک میں موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث سنگین اثرات مرتب ہو رہے ہیں جہاں رواں سال گرمی کا دورانیہ طویل رہا اور سردی کا احساس بھی تاخیر سے نومبر کے اختتام پر شروع ہوا۔ اعداد و شمار کے مطابق یکم جولائی سے 20 نومبر تک سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں بارشوں کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ نومبر کے پہلے 20 دنوں کے دوران سندھ میں معمول سے 99 فیصد کم، بلوچستان میں 79 فیصد کم جبکہ پنجاب میں معمول سے 74 فیصد کم بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اس خشک سالی کے باعث گندم سمیت ربیع کی دیگر فصلیں بری طرح متاثر ہونے کا خدشہ ہے اور زیرِ زمین پانی کے ذخائر میں بھی خطرناک کمی واقع ہو سکتی ہے۔
عالمی سطح پر بھی موسمیاتی تغیرات کے حوالے سے تشویشناک رپورٹس سامنے آئی ہیں۔ تاریخ میں پہلی بار دنیا میں مسلسل 6 روز تک اوسط درجہ حرارت کو صنعتی عہد سے قبل کے مقابلے میں 2 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔ یورپی موسمیاتی ادارے کوپرنیکس کلائمیٹ چینج سروس کے ڈیٹا نے تصدیق کی ہے کہ 18 سے 23 نومبر کے دوران درجہ حرارت میں یہ اضافہ دیکھا گیا۔ ماہرین کے مطابق اس اضافے کی بڑی وجوہات میں انسانوں کی جانب سے روایتی ایندھن کا استعمال اور غیر معمولی طور پر مضبوط ایل نینو کا رجحان شامل ہے جو زمین کے مجموعی درجہ حرارت میں اضافے کا باعث بن رہا ہے۔