کراچی: منہدم عمارت کے ملبے تلے دبے افرادکو نکالنے میں سستی،دو مشینیں بند

متاثرہ خاندانوں کا اپنوں کو اپنی مدد آپ کے تحت نکالنے کی اجازت دینے کا مطالبہ

November 26, 2026 · امت خاص

کراچی: منہدم عمارت کے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے میں سستی، دو مشینیں بند

 

کراچی کے علاقے ایڈمن سوسائٹی میں چھ منزلہ رہائشی عمارت منہدم ہونے کے واقعے کو 24 گھنٹے سے زائد گزرنے کے باوجود ریسکیو آپریشن سست روی کا شکار ہے،  ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کا عمل تاحال مؤثر انداز میں آگے نہیں بڑھ سکا۔

جائے وقوعہ پر موجود متاثرہ خاندانوں اور علاقہ مکینوں کے مطابق گزشتہ تین گھنٹوں سے بھاری مشینری بند پڑی ہے۔ موقع پر موجود تین میں سے دو ایکسکیویٹر کام نہیں کر رہے، جبکہ صرف ایک مشین کے ذریعے ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ فعال ایکسکیویٹر بھی محدود پیمانے پر کام کر رہا ہے اور ملبہ صرف ایک ڈمپر میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ ڈمپر کے ملبہ خالی کرنے کے لیے جانے پر کام رک جاتا ہے۔

متاثرہ خاندانوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 24 گھنٹے سے زائد گزرنے کے باوجود ملبے سے کسی شخص کو باہر نہیں نکالا جا سکا۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ ریسکیو کارروائی میں مزید تاخیر سے ملبے تلے موجود زندہ افراد کی جانوں کو بھی خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔

لواحقین اور علاقہ مکینوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اگر بھاری مشینری نہیں چلائی جاسکتی تو انہیں اپنے پیاروں کو ملبے سے نکالنے کی اجازت دی جائے۔

اس موقع پر مشتعل شہریوں اور موقع پر تعینات پولیس اہلکاروں کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔ شہریوں نے انتظامیہ کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ریسکیو آپریشن تیز کیا جائے اور بھاری مشینری فوری طور پر فعال بنائی جائے۔