نئے صوبوں کے قیام پر ملک گیر عوامی رائے لی جائے، مرکزی مسلم لیگ کا قومی مجلس مشاورت بلانے کا اعلان

فیصل ندیم کا ترقیاتی فنڈز کی تقسیم کا آئینی طریقہ کار طے کرنے اور بلدیاتی ادارے فعال بنانے پر زور

November 26, 2026 · قومی

نئے صوبوں کے قیام پر ملک گیر عوامی رائے لی جائے، مرکزی مسلم لیگ کا قومی مجلس مشاورت بلانے کا اعلان

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان فیصل ندیم نے نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام پر ملک گیر عوامی رائے لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے قومی مجلس مشاورت کے انعقاد کا اعلان کردیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں موجودہ انتشار کی صورتحال کے پیش نظر قومی مجلس مشاورت کا آغاز کیا جا رہا ہے، جس میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو شامل کرکے قومی اور علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور ان کے حل تلاش کیے جائیں گے۔

اس موقع پر مرکزی مسلم لیگ اسلام آباد کے صدر انعام الرحمان کمبوہ اور ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات طہٰ منیب بھی موجود تھے۔

فیصل ندیم نے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس کے قیام کا مقصد عوامی مسائل حل کرنا ہے تو وہ اس کی حمایت کریں گے، تاہم لسانی، گروہی اور علاقائی بنیادوں پر نئے انتظامی یونٹس نہیں بننے چاہئیں۔ نئے صوبے بنا کر اگر انہیں سیاسی خاندانوں کے حوالے کرنا ہے تو اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں یکساں بلدیاتی نظام اور بلدیاتی انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے، جبکہ بلدیاتی اداروں کے قیام میں مسلسل رکاوٹیں ڈالی جارہی ہیں تاکہ فنڈز من پسند منصوبوں پر خرچ کیے جاسکیں۔ پنجاب میں بھی بلدیاتی اداروں کے قیام میں رکاوٹیں موجود ہیں۔

مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ این ایف سی ایوارڈ سمیت دیگر فنڈز صوبائی حکومتوں کے کنٹرول میں رہنے سے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ بلدیاتی حلقہ بندیاں سیاسی مفادات سے بالاتر ہوکر کی جانی چاہئیں اور ترقیاتی فنڈز کی تقسیم کا آئینی طریقہ کار طے کیا جائے۔

فیصل ندیم نے کہا کہ دنیا بھر میں اراکین سینیٹ اور پارلیمنٹ کو اس طرح ترقیاتی فنڈز فراہم نہیں کیے جاتے جس طرح پاکستان میں اختیارات ان کے ہاتھوں میں دیے گئے ہیں۔ ہمارے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی گلی محلوں اور نالیوں کی تعمیر جیسے کاموں میں الجھے رہتے ہیں، جبکہ ان کی اصل ذمہ داری قانون سازی ہے۔ ان کے بقول ترقیاتی فنڈز میں خرد برد بھی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاست سے عوام مایوس ہوچکے ہیں، اس لیے طلبا یونینز کو بحال کیا جائے۔

نئے صوبوں کے معاملے پر پیپلز پارٹی کے مؤقف کا حوالہ دیتے ہوئے فیصل ندیم نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے معاملے پر اپنی اتحادی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ بلاول بھٹو نے حکومت پر فارم 47 کا الزام لگا کر حکومت کو ہلا دیا، جبکہ سندھ میں نئے صوبے کے قیام کی صورت میں خون ریزی کی دھمکی بھی دی۔

انہوں نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی نے سندھ میں گورننس بہتر بنائی ہوتی تو صوبوں کی تقسیم سے متعلق بحث ہی جنم نہ لیتی۔ سب کی رائے کا احترام کیا جانا چاہیے اور قومی معاملات پر دھمکی آمیز بیانات کسی طور سیاسی یا جمہوری طرز عمل نہیں ہیں۔

فیصل ندیم نے پنجاب میں پولیس مقابلوں کا معاملہ بھی اٹھاتے ہوئے کہا کہ پولیس مقابلوں میں ملزمان کو مار کر یہ سمجھ لیا جاتا ہے کہ انصاف ہوگیا۔ سوال یہ ہے کہ اگر پولیس ہی ملزمان کو مار دے تو پھر عدالتوں کے وجود کا کیا مقصد رہ جاتا ہے؟

انہوں نے مطالبہ کیا کہ نئے صوبے یا انتظامی یونٹس قائم کرنے سے پہلے اس معاملے پر عوامی رائے لی جائے، کیونکہ براہ راست عوام ہی ان مسائل سے متاثر ہوتے ہیں۔