مولانا فضل الرحمان کی احتجاجی کال،کراچی سمیت ملک کے مختلف مقامات پر شاہراہیں اور موٹرویز بند
چھ ٹول پلازوں پر ہیوی ٹرانسپورٹ گاڑیوں کا داخلہ تاحکم ثانی معطل رکھنے کا فیصلہ
مولانا فضل الرحمان کی احتجاجی کال،کراچی سمیت ملک کے مختلف مقامات پر شاہراہیں اور موٹرویز بند
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے کارکنوں کے احتجاجی دھرنوں کے باعث کراچی، کوئٹہ، پشاور، کوہاٹ اور دیگر شہروں میں ٹریفک کی آمدورفت متاثر، متعدد مقامات پر سڑکیں بند کردی گئیں۔
نیشنل ہائی وے اور موٹروے پولیس کے مطابق مختلف مقامات پر احتجاج کے باعث کئی قومی شاہراہیں بند ہیں، جبکہ موٹروے ایم ٹو پر شمال کی جانب جانے والی ہیوی ٹرانسپورٹ گاڑیوں (ایچ ٹی وی) کا داخلہ بعض ٹول پلازوں سے تاحکم ثانی بند کردیا گیا ہے۔
موٹروے پولیس نے بھیرہ کے مقام پر بھی سڑک بند ہونے کی اطلاع دی تھی، تاہم بعد میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں بتایا گیا کہ مذکورہ سڑک ٹریفک کی آمدورفت کے لیے کھول دی گئی ہے۔
نیشنل ہائی وے اور موٹروے پولیس کے مطابق قومی شاہراہ این 55 پر لاڑکانہ کے قریب، این 25 پر قلات میں مغلزئی چوک کے نزدیک، این 50 پر بوستان کراس اور خانوزئی گرڈ اسٹیشن کے مقام پر، جبکہ این 5 پر نوشہرو فیروز بائی پاس اور کنڈیارو کے قریب احتجاج کے باعث ٹریفک بند ہے۔
پولیس کے مطابق موٹروے ایم ٹو پر چکری نارتھ، کیپیٹل اسمارٹ سٹی، ٹھلیاں، بلکسر، نیلہ اور کلر کہار ٹول پلازوں سے شمال کی جانب ہیوی ٹرانسپورٹ گاڑیوں کا داخلہ بھی بند کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام (ف) کے میڈیا سیل نے دعویٰ کیا ہے کہ پارٹی قیادت کی ہدایت پر مختلف شہروں اور مقامات پر کارکنوں نے شاہراہیں بند کردی ہیں۔
جے یو آئی (ف) کے مطابق پشاور میں کارکنوں نے احتجاجاً ایم ون موٹروے ٹول پلازہ بند کردیا، جس کے بعد موٹروے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہوگئی اور دونوں اطراف آمدورفت معطل ہوگئی۔
پارٹی کے مطابق کوہاٹ میں ڈھوڈہ چوک کے مقام پر انڈس ہائی وے بند کردی گئی، جبکہ چشمہ کے مقام پر میانوالی اور کنڈل جانے والی دونوں شاہراہیں بھی بند ہیں۔
جے یو آئی (ف) نے دعویٰ کیا ہے کہ قومی شاہراہ پر احتجاجی دھرنے کے باعث ٹریفک کی آمدورفت روک دی گئی، جبکہ حب میں بھوانی کے مقام پر کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردی گئی ہے۔
پارٹی کے مطابق کوئٹہ میں سبی روڈ بھی بند کردی گئی، جبکہ لاڑکانہ بائی پاس کے مقام پر انڈس ہائی وے پر دھرنا دے کر ٹریفک معطل کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کارکنوں کو ملک بھر میں احتجاج کرتے ہوئے راستے، سڑکیں اور شاہراہیں بلاک کرنے کی ہدایت کی تھی۔ انہوں نے احتجاجی کال کی وجہ سرگودھا میں جے یو آئی (ف) کے جلسے میں مبینہ حکومتی رکاوٹوں کو قرار دیا تھا۔