بھارتی سیاست دان کی انوکھی شادی، 4 لاکھ مہمانوں کی شرکت سے بڑا ٹریفک جام

غیر معمولی اجتماع، 5 ہیلی پیڈز کی تعمیر، گھڑ دوڑ کا مقابلہ مؤخر۔

November 27, 2026 · اہم خبریں
بھارتی ریاست بہار میں اننت سنگھ کی بیٹی کی شادی کی تقریب کا منظر

بھارتی ریاست بہار میں اننت سنگھ کی بیٹی کی شادی کی تقریب کا منظر

بھارتی ریاست بہار میں بااثر سیاست دان اور رکن اسمبلی اننت سنگھ کی بیٹی شیوانگی کی شادی ایک غیر معمولی عوامی اجتماع کی وجہ سے عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔ تقریب میں شرکت کے لیے لاکھوں افراد ان کے آبائی گاؤں نداواں پہنچ گئے، جس کے نتیجے میں اطراف کی سڑکوں پر تقریباً 10 کلومیٹر تک گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ مہمانوں کے بے پناہ رش نے شادی کی بعض تقریبات کو بھی متاثر کیا، جس کے باعث گھڑ دوڑی کا مقابلہ عارضی طور پر ملتوی کرنا پڑا۔

بھارتی میڈیا اور خبر رساں اداروں کے مطابق اننت سنگھ نے اپنی بیٹی کی شادی میں شرکت کے لیے عام لوگوں کو بھی کھلی دعوت دی تھی، جس کے بعد گاؤں کی جانب آنے والی مرکزی شاہراہ سمیت تمام راستے گاڑیوں سے بھر گئے۔ صورتِ حال اتنی تشویش ناک ہو گئی کہ ٹریفک کی روانی معطل ہو گئی اور پیدل چلنے والوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ رپورٹس کے مطابق ٹریفک جام میں پھنسنے والے ایک سیاست دان اپنی گاڑی چھوڑ کر ٹریکٹر پر سوار ہوئے اور کھیتوں کے راستے تقریب میں پہنچے، جبکہ خود دلہا بھی بارات لے کر دلہن کے گھر رات گئے پہنچا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شادی میں 4 لاکھ سے زائد افراد کے کھانے کا انتظام کیا گیا تھا، اور اتنی بڑی تعداد کے لیے کھانا تیار کرنے کی خاطر تقریباً 500 باورچیوں اور دیگر کارکنوں کی خدمات حاصل کی گئیں، جبکہ 300 سے زیادہ مقامات پر کھانا پکانے کا بندوبست کیا گیا تھا۔ مہمانوں کے لیے روایتی بہاری پکوانوں کے علاوہ مٹھائیوں کے 5 لاکھ پیسز تیار کیے گئے تھے۔ مینو میں رس گلے، گلاب جامن، راج بھوگ، کالا جامن، مالپوا، جلیبی، گاجر کا حلوہ اور مکھانے کی کھیر سمیت کم از کم آٹھ اقسام شامل تھیں۔ اس کے علاوہ بہار کا مشہور لِٹّی چوکھا، چاٹ، گول گپے اور دیگر روایتی پکوان بھی پیش کیے گئے۔

انتظامیہ نے اہم شخصیات اور عام مہمانوں کے لیے خصوصی انتظامات کیے تھے، اور وی آئی پی شخصیات کو تقریب میں لانے کے لیے 5 عارضی ہیلی پیڈز بھی تعمیر کیے گئے تھے۔ تقریب کی آرائش کے لیے جے پور کے شاہی محل سے متاثر ہوکر ایک وسیع پنڈال بنایا گیا تھا، جسے سجانے کے لیے نیوزی لینڈ، چین اور تھائی لینڈ سے پھول منگوائے گئے۔ تقریب کا ایک اور بڑا مرکز 200 گھوڑوں پر مشتمل گھڑ دوڑی کا مقابلہ تھا، جسے دیکھنے کے لیے تقریباً 1 لاکھ افراد جمع ہوگئے۔ ہجوم کی شدت اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر تماشائی بجلی کے کھمبوں اور درختوں پر چڑھ گئے، جس پر منتظمین نے مقابلہ روک کر میدان خالی کرانے کی کارروائی شروع کردی۔