لاہور میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر دفعہ 144 کے نفاذ میں توسیع
حساس صورتحال، پانچ افراد کے اجتماع پر پابندی، شادی بیاہ اور جنازے مستثنیٰ ہوں گے۔
لاہور میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر دفعہ 144 کے نفاذ میں توسیع
لاہور میں عوامی امن و امان اور حساس سکیورٹی خدشات کے پیش نظر دفعہ 144 کے نفاذ میں مزید 3 روز کی توسیع کر دی گئی ہے۔ اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس کے تحت شہر بھر میں جلسے، جلوسوں اور 5 یا اس سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی برقرار رہے گی۔
محکمہ داخلہ اور ضلعی انتظامیہ کی جاری کردہ دستاویز کے مطابق پابندی کا مقصد شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور ممکنہ خطرات سے نمٹنا ہے۔ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ غیر قانونی اجتماعات کے لیے لوگوں کو اکسانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
تاہم شہریوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے بعض تقریبات کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق شادی بیاہ کی تقریبات، نمازِ جنازہ، تدفین اور عبادت گاہوں میں باقاعدہ عبادات کی ادائیگی پر دفعہ 144 کا اطلاق نہیں ہوگا۔ اس کے علاوہ سرکاری و نیم سرکاری امور کی انجام دہی اور عدالتی کارروائی بھی اس پابندی سے مستثنیٰ ہوگی۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حساس سکیورٹی اطلاعات کے پیش نظر دفعہ 144 میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ دفعہ 144 کی پابندی پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور امن کے قیام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔