افغان میڈیکل طالبات کی رجسٹریشن پر پی ایم ڈی سی اور یو ایچ ایس سے جواب طلب

ایم بی بی ایس کا پہلا پروفیشنل امتحان 4 سے 11 جنوری 2027 تک شیڈول ہے، تاہم اس میں شرکت کے لیے رجسٹریشن لازمی ہے۔وکیل

November 27, 2026 · قومی
افغان میڈیکل طالبات کی رجسٹریشن پر پی ایم ڈی سی اور یو ایچ ایس سے جواب طلب

افغان میڈیکل طالبات کی رجسٹریشن پر پی ایم ڈی سی اور یو ایچ ایس سے جواب طلب

لاہور ہائیکورٹ نے پانچ افغان میڈیکل طالبات کی ایم بی بی ایس کے پہلے پروفیشنل امتحان میں شرکت کے لیے رجسٹریشن کی درخواست پر پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب کرلیا۔

جسٹس عاصم حفیظ نے جمعہ کے روز درخواست پر سماعت کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو نوٹس جاری کیے اور انہیں یکم دسمبر تک جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

درخواست گزار طالبات فروغ دہقان پور، شاہیرہ شریف، زہرا نبوی، فائزہ نوری اور شبانہ رحیمی شیخ خلیفہ بن زاید النہیان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج لاہور میں علامہ محمد اقبال اسکالرشپ پروگرام کے تحت ایم بی بی ایس کے پہلے سال میں زیر تعلیم ہیں۔

طالبات کے وکیل اسد جمال نے عدالت کو بتایا کہ ان کی موکل طالبات نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تحت انتخاب کے مختلف مراحل مکمل کرنے کے بعد 6 اپریل کو کالج میں داخلہ لیا تھا۔ انہیں طالب علم کارڈز اور باقاعدہ طالب علم ہونے کے سرٹیفکیٹس بھی جاری کیے گئے۔

وکیل کے مطابق ایم بی بی ایس کا پہلا پروفیشنل امتحان 4 سے 11 جنوری 2027 تک شیڈول ہے، تاہم اس میں شرکت کے لیے رجسٹریشن لازمی ہے۔ کالج نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز سے طالبات کی رجسٹریشن کے لیے پورٹل کھولنے کی درخواست کی، لیکن یونیورسٹی نے پی ایم ڈی سی کی اجازت نہ ہونے کا مؤقف اختیار کرتے ہوئے انکار کردیا۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ پی ایم ڈی سی نے 2025-26 کے سیشن میں سرکاری میڈیکل کالجوں میں نامزد 68 افغان طلبہ کی منظور شدہ تعداد سے زائد داخلوں کی اجازت دی تھی، اس لیے متعلقہ طالبات کی رجسٹریشن روکنے کا کوئی جواز نہیں۔

وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ متعلقہ اداروں کو طالبات کی رجسٹریشن مکمل کرنے اور عبوری طور پر انہیں امتحان میں شرکت کی اجازت دینے کا حکم دیا جائے۔

واضح رہے کہ ستمبر میں لاہور ہائیکورٹ نے افغان میڈیکل طلبہ کو افغانستان واپس بھیجنے سے متعلق پی ایم ڈی سی کی ہدایات پر عمل درآمد معطل کردیا تھا۔ اکتوبر میں عدالت نے افغان طلبہ کی بے دخلی اور ملک بدری روکنے کے حکم میں توسیع بھی کی تھی۔

دوسری جانب پشاور ہائیکورٹ نے بھی صوبے کے سرکاری میڈیکل کالجوں میں زیر تعلیم 86 افغان طلبہ کی ملک بدری عارضی طور پر روک کر انہیں تعلیم جاری رکھنے کی اجازت دے رکھی ہے۔