آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد ایرانی سکرین رائٹر مہدی محمودیان تہران سے گرفتار
نامعلوم وجوہات پر چھاپہ، الیکٹرانک آلات ضبط، حراست کی تصدیق کردی گئی
آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد ایرانی سکرین رائٹر مہدی محمودیان تہران سے گرفتار
تہران (نیوز ڈیسک) آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد ایرانی ڈرامے کے مصنف اور ممتاز سکرین رائٹر مہدی محمودیان کو ایرانی دارالحکومت تہران سے حراست میں لے لیا گیا ہے۔ امریکی خبر رساں ادارے اور یورپ میں مقیم ان کے دوستوں کی جانب سے اس گرفتاری کی تصدیق کی گئی ہے، تاہم ایرانی حکام کی جانب سے فوری طور پر کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
دستیاب اطلاعات کے مطابق گرفتاری کی وجوہات تاحال واضح نہیں ہیں۔ ٹیلی گرام پر موجود مہدی محمودیان کے ذاتی سوشل میڈیا چینل کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اہلکار ان کے گھر پہنچے جہاں انہیں حراست میں لینے کے ساتھ ساتھ ان کے تمام الیکٹرانک آلات بھی ضبط کر لیے گئے۔ بعدازاں امتداد نامی نیوز ویب سائٹ نے بھی اس گرفتاری کی خبر کی تصدیق کی۔
مہدی محمودیان کے دوست اور ساتھی حسین رزاق نے بتایا کہ انہوں نے رات تقریباً 2 سے 3 بجے کے درمیان فون پر ان سے آخری بار بات کی تھی، اس وقت وہ سن 2022 کے احتجاج کے دوران ہونے والی ایک موت کی سزا کے مقدمے کے حوالے سے گفتگو کر رہے تھے، جس کے بعد انہوں نے فون کا جواب دینا بند کر دیا۔ حسین رزاق کے مطابق عینی شاہدین نے تصدیق کی ہے کہ ایک درجن سے زائد مسلح اہلکاروں نے ان کے گھر پر چھاپہ مارا اور انہیں گرفتار کر کے ساتھ لے گئے۔
رپورٹس کے مطابق ایران میں احتجاج کا بڑا سلسلہ سن 2022 میں پولیس کی حراست میں مہسا امینی نامی خاتون کی ہلاکت کے بعد شروع ہوا تھا، جو کہ کئی ماہ تک جاری رہا اور اس دوران ہونے والے کریک ڈاؤن میں سینکڑوں افراد ہلاک اور ہزاروں گرفتار ہوئے تھے۔ مہدی محمودیان کو ٹیلی گرام پر ایک پوسٹ جاری کرنے کے ایک روز بعد حراست میں لیا گیا جس میں انہوں نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ مہسا امینی احتجاج سے متعلق جیل میں قید دو مظاہرین کو اگلے 24 گھنٹوں کے اندر پھانسی دی جا سکتی ہے۔
اوسلو میں قائم تنظیم ایران ہیومن رائٹس کے مطابق مہسا امینی کے احتجاج سے متعلق مقدمات میں اب تک کم از کم 15 مظاہرین کو پھانسی دی جا چکی ہے۔ حسین رزاق کے مطابق مہدی محمودیان ایران میں قید مظاہرین اور پھانسی کے خطرے سے دوچار افراد کے حقوق کے لیے آواز اٹھاتے رہے ہیں۔ ایرانی حکام سزائے موت کے مقدمات پر انتہائی حساس رویہ رکھتے ہیں جبکہ حالیہ کارروائی کے بعد مہدی محمودیان کو گریٹر تہران جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔