جمعیت علمائے اسلام کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر راولپنڈی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ

اہم اجلاس منعقد، 32 سیکیورٹی پکٹس قائم، 850 سے زائد افسران تعینات

November 27, 2026 · قومی
جمعیت علمائے اسلام کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر راولپنڈی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ

جمعیت علمائے اسلام کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر راولپنڈی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ

جمعیت علمائے اسلام کے ممکنہ احتجاج اور سیکیورٹی خدشات کے تناظر میں وفاقی دارالحکومت اور راولپنڈی میں ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں امن و امان کی صورتحال اور سیکیورٹی کے سخت انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

سرکاری ذرائع اور سیکیورٹی دستاویزات کے مطابق راولپنڈی شہر، کینٹ اور گردونواح کے تمام داخلی و خارجی مقامات پر سیکیورٹی کو انتہائی ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ شہر بھر میں مجموعی طور پر 32 سیکیورٹی پکٹس قائم کی گئی ہیں جہاں سیکیورٹی فورسز کے 850 سے زائد افسران اور جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق راول ڈویژن میں کل 7 پولیس پکٹس بنائی گئی ہیں جن میں لیاقت باغ ٹرن، منڈی موڑ، چک مدد، کمیٹی چوک، چاندنی چوک اور فیض آباد کے دونوں اطراف کے مقامات شامل ہیں۔ اسی طرح پوٹھوہار ڈویژن میں کل 13 پولیس پکٹس قائم کی گئی ہیں جن میں باہتڑ موڑ، اوپل چوک، ٹیکسلا چوک، پرانا ٹول پلازہ، چشتیہ آباد، مہر آباد، ایم ایچ چوک، ٹی اینڈ ٹی چوک، 22 نمبر چونگی، میٹرو اسٹیشن صدر، کامران مارکیٹ، معرکہ حق چوک، مورگاہ اور عمار شہید چوک کے علاقے شامل ہیں۔ علاوہ ازیں صدر ڈویژن میں کل 9 پکٹس قائم کی گئی ہیں جن میں دہہگل اڈیالہ روڈ، اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر 1 اور گیٹ نمبر 5، بسکٹ فیکٹری، چک بیلی موڑ، چکری انٹرچینج، چک بیلی بازار، جی ٹی روڈ گوجرخان، مندرہ ٹول پلازہ، دولتالہ موڑ، پریس کلب کہوٹہ اور مرید چوک کلرسیداں شامل ہیں۔

دستاویز کے مطابق سیکورٹی ڈیوٹیوں پر 3 ایس پیز، 10 اے ایس پی اور ڈی ایس پیز، 30 انسپکٹر و ایس ایچ او، 158 اپر سبارڈینٹس اور 494 کانسٹیبلز فرائض انجام دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ایلیٹ فورس کے 5 اپر سبارڈینٹس، 20 کمانڈوز اور اڈیالہ گارڈ کی 5 ریزرو فورس بھی تعینات کی گئی ہے۔ ان تمام سیکیورٹی انتظامات کی مجموعی سپر وژن ایس ایس پی انوسٹی گیشن سیف اللہ کے سپرد کی گئی ہے جبکہ کل کمانڈ اینڈ کنٹرول کے فرائض سی پی او راولپنڈی ڈاکٹر سردار غیاث گل خود سرانجام دے رہے ہیں۔ اس دوران ٹریفک کی روانی کو بلا تعطل برقرار رکھنے کے لیے تمام ٹریفک انتظامات کی سپر وژن سی ٹی او راولپنڈی فرحان اسلم کے ذمے ہوگی۔