خواتین کے پانچ فیصد انتخابی کوٹے پر الیکشن کمیشن نے اپنا مؤقف واضح کردیا
الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 206 کے تحت ہر سیاسی جماعت عام نشستوں پر کم از کم پانچ فیصد ٹکٹ خواتین امیدواروں کو دینے کی پابند ہے
خواتین کے پانچ فیصد انتخابی کوٹے پر الیکشن کمیشن نے اپنا مؤقف واضح کردیا
الیکشن کمیشن کا یہ مؤقف قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی برائے صنفی مساوات کی ذیلی کمیٹی کے اس مطالبے کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ خواتین کے لیے عام نشستوں پر پانچ فیصد ٹکٹوں کا کوٹہ اس انداز میں نافذ کیا جائے کہ انہیں ایسی نشستوں پر بھی انتخاب لڑنے کا موقع ملے جہاں کامیابی کے امکانات زیادہ ہوں۔
کمیشن کے مطابق الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 206 کے تحت ہر سیاسی جماعت عام نشستوں پر کم از کم پانچ فیصد ٹکٹ خواتین امیدواروں کو دینے کی پابند ہے، تاہم موجودہ قانون میں الیکشن کمیشن کو یہ اختیار نہیں دیا گیا کہ وہ کسی جماعت کو مخصوص حلقے سے خاتون امیدوار نامزد کرنے کی ہدایت دے یا ٹکٹوں کی تقسیم میں مداخلت کرے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اگر خواتین کو یقینی یا نسبتاً بہتر انتخابی امکانات والی نشستوں پر ٹکٹ دینے کی شرط عائد کرنا مقصود ہے تو اس کے لیے قانون سازی کرنا ہوگی، جس کا اختیار پارلیمنٹ کے پاس ہے۔
قانون کے تحت خواتین کی سیاسی نمائندگی بڑھانے کے لیے پانچ فیصد کوٹہ مقرر کیا گیا تھا، تاہم عملی طور پر سیاسی جماعتیں اکثر خواتین امیدواروں کو ایسے حلقوں سے میدان میں اتارتی ہیں جہاں ان کی کامیابی کے امکانات کم ہوتے ہیں۔ اس معاملے پر پارلیمنٹ اور سول سوسائٹی کی جانب سے بھی تحفظات کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔
دوسری جانب قومی اسمبلی کی کمیٹی نے مختلف بلدیاتی اداروں میں خالی ہونے والی 563 نشستوں پر انتخابات کرانے کی بھی ہدایت کی۔ الیکشن کمیشن نے بتایا کہ ان نشستوں پر انتخابات کے لیے متعدد مرتبہ شیڈول جاری کیا گیا، لیکن کسی خاتون امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے، جس کے باعث انتخابی عمل آگے نہیں بڑھ سکا۔
کمیشن کے مطابق امیدوار سامنے آنے پر قانون کے مطابق خالی نشستوں پر انتخابات کرانے کے لیے وہ تیار ہے۔
کمیٹی کے اجلاس میں نادرا کی بریفنگ کا بھی جائزہ لیا گیا، جس میں بتایا گیا کہ 2026 کے دوران خواتین کی رجسٹریشن کی شرح مردوں کے مقابلے میں 5.57 فیصد زیادہ رہی۔ تاہم سینیٹر قائم خانی نے ادارے کی اعلیٰ انتظامیہ میں خواتین کی کم نمائندگی پر تشویش ظاہر کی، جہاں ڈائریکٹر یا اس سے اعلیٰ عہدوں پر صرف 15 خواتین تعینات ہیں۔