پنجاب حکومت کا تلور کے شکار کے لیے دو ماہ کی عارضی اجازت دینے کا فیصلہ
اہم انتظامی پیش رفت، کابینہ کمیٹی نے منظوری دیدی، قانون میں عارضی ترمیم ہوگی۔
پنجاب حکومت کا تلور کے شکار کے لیے دو ماہ کی عارضی اجازت دینے کا فیصلہ
لاہور (نیوز ڈیسک) پنجاب حکومت نے رواں موسم سرما کے دوران نایاب پرندے تلور (ہوبارا بسٹرڈ) کے محدود شکار کی اجازت دینے کے لیے اس پر عائد سال بھر کی قانونی پابندی عارضی طور پر 2 ماہ کے لیے ختم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ منظوری صوبائی کابینہ کی قانون سازی اور نجکاری سے متعلق قائمہ کمیٹی کے 42ویں اجلاس میں دی گئی، جس کی صدارت صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کی۔
محکمہ جنگلی حیات و پارکس پنجاب کی جانب سے پیش کی جانے والی تجویز کے مطابق تلور کو سال بھر تحفظ فراہم کرنے والے تھرڈ شیڈول سے عارضی طور پر نکال کر شکار کی اجازت والے فرسٹ شیڈول میں شامل کیا جائے گا، جسے کمیٹی نے منظور کرلیا ہے۔ متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ کمیٹی کے فیصلے موصول ہونے کے بعد قانونی کارروائی مکمل کی جائے گی تاکہ مخصوص مدت کے لیے محدود شکار ممکن ہو سکے۔
دستاویزات کے مطابق پنجاب وائلڈلائف (پروٹیکشن، پریزرویشن، کنزرویشن اینڈ مینجمنٹ) ایکٹ 1974 کے تحت تلور تھرڈ شیڈول میں شامل ہے جس کی وجہ سے اسے معمول کے حالات میں سال بھر شکار سے مکمل تحفظ حاصل ہوتا ہے۔ تاہم اسی قانون کی دفعہ 45(i) کے تحت حکومت کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ سرکاری گزٹ نوٹیفکیشن کے ذریعے کسی بھی جنگلی جانور یا پرندے کو مختلف شیڈولز میں شامل یا خارج کر سکتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق روایتی طور پر پاکستان میں تلور کے شکار کے لیے خلیجی ممالک سے شاہی شخصیات اور شکاری تشریف لاتے ہیں جن میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر اور بحرین کے بااثر افراد شامل ہیں اور وہ بالخصوص جنوبی پنجاب کے صحرائی علاقوں کا رخ کرتے ہیں۔ دریں اثنا، باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ خلیجی خطے میں جاری کشیدگی کی وجہ سے رواں سیزن کے دوران عرب شکاریوں کی پاکستان آمد گزشتہ برسوں کے مقابلے میں محدود رہنے کا امکان ہے، تاہم فی الحال ایک بڑے عرب ملک سے شکاریوں کی آمد کی اطلاعات موصول ہو چکی ہیں۔ واضح رہے کہ تلور کے شکار کے لیے مخصوص علاقوں کی سفارش وفاقی وزارت خارجہ کرتی ہے جبکہ اس کے باضابطہ اجازت نامے متعلقہ صوبائی حکومتیں اپنے قوانین کے دائرہ کار میں جاری کرتی ہیں۔