وزیراعظم کی پی سی ایس آئی آر لیبارٹریز کو عالمی معیار کی ایکریڈیٹیشن حاصل کرنے کی ہدایت

برآمدی مصنوعات کی سرٹیفکیشن آسان بنانے، صنعتی تحقیق اور نوجوانوں کی فنی تربیت بہتر بنانے پر زور

November 27, 2026 · قومی

وزیراعظم کی پی سی ایس آئی آر لیبارٹریز کو عالمی معیار کی ایکریڈیٹیشن حاصل کرنے کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کونسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ (پی سی ایس آئی آر) ملک میں برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے فروغ اور برآمدات میں اضافے کے لیے اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت پی سی ایس آئی آر کے امور سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں ادارے کے مینڈیٹ، کارکردگی اور مستقبل میں اس کے ممکنہ کردار کا جائزہ لیا گیا۔

شہباز شریف نے ہدایت کی کہ پی سی ایس آئی آر کی تمام لیبارٹریز بین الاقوامی معیار کے مطابق ایکریڈیٹیشن حاصل کریں تاکہ پاکستانی برآمدی مصنوعات کی عالمی معیارات کے مطابق سرٹیفکیشن اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ توثیق کا عمل آسان بنایا جا سکے۔

وزیراعظم نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی ترقی اور برآمدات بڑھانے کے ایکو سسٹم میں پی سی ایس آئی آر اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ ملکی مصنوعات کو عالمی منڈیوں میں مسابقت کے قابل بنانے کے لیے ادارہ اپنا تحقیقی کردار مؤثر انداز میں ادا کرے۔

انہوں نے نوجوانوں کی صنعتی فنی تربیت کے لیے نیوٹیک کے ساتھ تعاون مزید بڑھانے کی ہدایت بھی کی جبکہ پی سی ایس آئی آر کے حوالے سے کی گئی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کی رپورٹ طلب کر لی۔

وزیراعظم نے پی سی ایس آئی آر کے قیام کے مقاصد، قانونی ذمہ داریوں، اب تک کی کارکردگی اور مستقبل میں ادارے کی استعداد سے بھرپور استفادے کے امکانات کا جائزہ لینے کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی۔ کمیٹی اس بات کا تعین کرے گی کہ قومی معیشت، صنعتی ترقی اور برآمدات میں اضافے کے لیے ادارے کو مزید مؤثر کیسے بنایا جا سکتا ہے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی سی ایس آئی آر کے ملک بھر میں 10 تحقیقی لیبارٹریز اور یونٹس جبکہ 7 تکنیکی تربیتی ادارے کام کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ 12 نئی لیبارٹریاں بھی تکمیل کے مراحل میں ہیں۔

بریفنگ کے مطابق پی سی ایس آئی آر صنعتی شعبے کو جدید ٹیکنالوجی، تحقیق اور کم لاگت تکنیکی حل فراہم کرتا ہے تاکہ ملکی صنعت کی پیداواری صلاحیت اور معیار بہتر بنایا جا سکے۔ ادارہ اب تک 12 ہزار سے زائد نوجوانوں کو فنی تربیت فراہم کر چکا ہے۔

پی سی ایس آئی آر خوراک، زراعت، بائیوٹیکنالوجی، ادویات، ٹیکسٹائل، چمڑے، معدنیات، انجینئرنگ اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تحقیق و ترقی کی سرگرمیاں انجام دیتا ہے۔

ادارے کی لیبارٹریز ملکی صنعتوں اور برآمد کنندگان کو مصنوعات کی جانچ، معیار کی تصدیق اور تکنیکی آلات کی پیمائش و درستی (کیلیبریشن) کی سہولیات بھی فراہم کرتی ہیں۔

اجلاس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، علی پرویز ملک، خالد مگسی، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔