کراچی: ریسکیو اہلکاروں کی بڑی کامیابی، ملبے سےعادل اور عاصم کو زندہ نکال لیا گیا

دونوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا

November 27, 2026 · قومی, ویڈیوز
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کراچی : شارع فیصل کے قریب ایڈمن سوسائٹی میں منہدم ہونے والی 6 منزلہ عمارت کے ملبے تلے دبے دو افراد عادل اور عاصم کو واقعے کے تیسرے روز زندہ حالت میں نکال لیا گیا ہے،مزید تفصیلات کے لیے متعلقہ ویڈیو رپورٹ یہاں دیکھی جا سکتی ہے۔

 ریسکیو اہلکاروں نے عادل اور عاصم کو ملبے سے بحفاظت باہر نکالنے کے بعد ریسکیو 112 کی ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کر دیا ہے ۔

 رپورٹس کے مطابق عادل پرانے گولیمار کا رہائشی ہے اور ماربل کا کام کرتا ہے، اس کے بھائی نے اس کے زندہ نکلنے کی تصدیق کرتے ہوئے اللہ کا شکر ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ ملبے تلے موجود دیگر افراد بھی خیریت سے نکل آئیں گے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق جائے وقوعہ پر ریسکیو اور سیکیورٹی اداروں کی بڑی تعداد موجود ہے ۔ ایک اور شخص کے زندہ موجود ہونے کی اطلاعات پر امدادی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں تاکہ دیگر متاثرہ افراد کو بھی جلد از جلد بحفاظت نکالا جا سکے

دوسری جانب مزید افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کے خدشے کے پیش نظر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ عمارت گرنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔