آباد کا سندھ حکومت کو الٹی میٹم، پیر تک عمارتیں ڈی سیل نہ ہوئیں تو کاروبار بند کر دیں گے
سندھ حکومت پر کڑی تنقید، قانونی بلڈرز کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، چیئرمین آباد
آباد کا سندھ حکومت کو الٹی میٹم، پیر تک عمارتیں ڈی سیل نہ ہوئیں تو کاروبار بند کر دیں گے
کراچی میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف جاری کریک ڈاؤن اور ایڈمن سوسائٹی میں عمارت گرنے کے دلخراش واقعے کے بعد ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) نے سندھ حکومت کو سخت الفاظ میں 72 گھنٹے کا الٹی میٹم دے دیا ہے۔ چیئرمین آباد حنیف گوہر نے ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ اگر پیر تک قانونی تقاضے پورے کرنے والی سیل شدہ عمارتیں ڈی سیل نہ کی گئیں تو تعمیراتی کاروبار مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا۔
چیئرمین آباد نے الزام عائد کیا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران کی ناک کے نیچے غیر قانونی تعمیرات ہوتی رہیں اور فی فلور 25 سے 50 لاکھ روپے وصول کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اپنی کوتاہیوں اور ناکامیوں کو چھپانے کے لیے اب قانونی بلڈرز کو نشانہ بنا رہی ہے، جس سے لاکھوں مزدور بے روزگار ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے مطالبہ کیا کہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے اور پورشن مافیا کے خلاف کارروائی کرکے قانونی کاروبار کرنے والوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔
دوسری جانب کراچی کی ایڈمن سوسائٹی میں منہدم ہونے والی عمارت کے ملبے سے مزید لاشیں نکالے جانے کا سلسلہ جاری ہے، جس کے بعد اس المناک حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 7 ہو گئی ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق جائے وقوعہ پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے جبکہ متعدد افراد اب بھی لاپتا ہیں۔ آباد نے واضح کیا ہے کہ لیاری اور گلبہار سمیت دیگر علاقوں میں منہدم ہونے والی عمارتوں کا ان کے رجسٹرڈ ممبران سے کوئی تعلق نہیں تھا اور متعلقہ ادارے محض خانہ پری کے لیے منظور شدہ عمارتیں بھی سیل کر رہے ہیں۔