شہر میں امن و امان کی خراب صورتحال، ایم کیو ایم کی ریلی منسوخ کرنے پر غور

اہم بیٹھک، مرکز بہادرآباد پر پریس کانفرنس، حتمی لائحہ عمل کا اعلان آج ہوگا۔

November 28, 2026 · قومی
شہر میں امن و امان کی خراب صورتحال، ایم کیو ایم کی ریلی منسوخ کرنے پر غور

شہر میں امن و امان کی خراب صورتحال، ایم کیو ایم کی ریلی منسوخ کرنے پر غور

کراچی میں امن و امان کی مخدوش صورتحال کے پیشِ نظر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے 29 نومبر کو ہونے والی اپنی ریلی اور جلسہ منسوخ کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں پارٹی کے مرکزی رہنماؤں کا ایک ہنگامی مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں ریلی کے انعقاد سے متعلق تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے بعد ذرائع کا کہنا ہے کہ حالات کی بہتری اور شہریوں کے تحفظ کی خاطر جلسہ ملتوی کرنے کی تجویز زیرِ غور ہے، جبکہ اس حوالے سے حتمی فیصلے کا باضابطہ اعلان مرکز بہادرآباد پر ہونے والی اہم پریس کانفرنس میں کیا جائے گا۔

پارٹی ذرائع نے اپنے بیان میں شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ 22 نومبر کو کھلے عام ریاست مخالف نعرے بازی کی گئی لیکن تاحال ان شرپسند عناصر کے خلاف کوئی قانونی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ ذرائع کے مطابق ایک جانب قانون شکنی پر چشم پوشی برتی جا رہی ہے تو دوسری جانب مبینہ طور پر پیپلز پارٹی کی بی ٹیم کو 29 نومبر کو ریلی نکالنے کی باقاعدہ اجازت دے دی گئی ہے۔ ایم کیو ایم نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اس روز شہر میں امن و امان کا کوئی مسئلہ پیدا ہوا تو اس کی تمام تر ذمہ داری صوبائی حکومت یعنی پیپلز پارٹی پر عائد ہوگی۔

دریں اثنا، ایم کیو ایم کے مرکزی رہنما زاہد ملک نے وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں جمہوریت کے درس دینے والی پیپلز پارٹی سندھ کے اندر روایتی آمریت نافذ کیے ہوئے ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی سندھیوں اور مہاجروں کو باہم دست و گریبان کر کے نئے صوبوں کے انتظامی پراجیکٹ کو ناکام بنانے کی سازش کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک سوچی سمجھی حکمت عملی کے تحت سندھ میں تصادم کا ماحول پیدا کیا جا رہا ہے، مگر ایم کیو ایم کسی بھی ایسی مذموم سازش کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ زاہد ملک کا کہنا تھا کہ ملک کے دیگر صوبوں میں نئے صوبوں کی حمایت اور سندھ میں اس کی شدید مخالفت پیپلز پارٹی کے دوہرے معیار اور ترقی مخالف سوچ کا کھلا ثبوت ہے۔