ڈی جی ایس بی سی اے کا شہر بھر میں تمام غیر قانونی فلورز گرانے کا حکم

ہنگامی دورہ، ملبے سے مزید لاشیں برآمد، ریسکیو آپریشن جاری رہے گا۔

November 28, 2026 · قومی
ڈی جی ایس بی سی اے کا شہر بھر میں تمام غیر قانونی فلورز گرانے کا حکم

ڈی جی ایس بی سی اے کا شہر بھر میں تمام غیر قانونی فلورز گرانے کا حکم

ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) عابد سلیم قریشی نے کراچی ایڈمن سوسائٹی میں منہدم ہونے والی عمارت کے حادثے کے بعد شہر بھر میں عمارتوں کے تمام غیر قانونی فلورز فوری طور پر توڑنے کا حکم دے دیا ہے۔

نئے تعینات ہونے والے ڈی جی ایس بی سی اے عابد سلیم قریشی نے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل فرحان قیصر کے ہمراہ متاثرہ مقام کا ہنگامی دورہ کیا اور موقع پر جاری امدادی و بحالی کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران نے اعلیٰ حکام کو حادثے کی وجوہات اور ملبہ ہٹانے کے عمل سے متعلق بریفنگ دی۔ عابد سلیم قریشی نے واضح کیا کہ اس اندوہناک واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور غفلت کے مرتکب عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مستقبل میں ایسے حوادث کی روک تھام کے لیے تمام غیر قانونی تعمیرات اور فلورز کے خلاف بلاتعطل آپریشن کیا جائے۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے بعد سے جاری امدادی کارروائیوں کے دوران ملبے سے اب تک مجموعی طور پر 11 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ اس حادثے میں 14 افراد زخمی ہوئے ہیں اور متعدد افراد تاحال لاپتا ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملبے میں مزید دبے افراد کی تلاش کے لیے جاری ریسکیو آپریشن میں انتہائی احتیاط برتی جا رہی ہے اور ہیوی مشینری کے استعمال کی نسبت مینوئل سرچ پر زیادہ فوکس کیا جا رہا ہے۔ حکام نے مزید بتایا کہ ہیوی مشینری کے استعمال سے ملبے تلے موجود افراد کی جانوں اور لاشوں کے خراب ہو جانے کا خدشہ ہے، جبکہ اس سے عمارت کا بچا ہوا اسٹرکچر مزید گرنے کا بھی امکان ہے۔ تاہم، حفاظتی تدابیر کے ساتھ مخصوص پاکٹس بنا کر سرچنگ کا عمل تیزی سے جاری ہے۔