پی ایس او کا ملک بھر میں 300 چارجنگ اسٹیشنز لگانے کا اعلان
الیکٹرک گاڑیوں کی چارجنگ کا کاروبار منافع بخش ہے، اسی لیے کمپنی اس شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانے کا ارادہ رکھتی ہے،انتظامیہ
پی ایس او کا ملک بھر میں 300 چارجنگ اسٹیشنز لگانے کا اعلان
پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) نے ملک بھر میں الیکٹرک گاڑیوں کے لیے 300 سے زائد چارجنگ اسٹیشنز قائم کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا ہے، جنہیں آئندہ دو سے تین سال کے دوران بڑے شہروں اور اہم شاہراہوں پر نصب کیا جائے گا۔
پی ایس او انتظامیہ نے 25 نومبر 2026 کو ہونے والی کارپوریٹ بریفنگ کے دوران اس منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انتظامیہ کے مطابق الیکٹرک گاڑیوں کی چارجنگ کا کاروبار منافع بخش ہے، اسی لیے کمپنی اس شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانے کا ارادہ رکھتی ہے، تاہم چارجنگ اسٹیشنز کے قیام پر آنے والی مجموعی لاگت ظاہر نہیں کی گئی۔
پی ایس او پہلے ہی اپنے الیکٹرو برانڈ کے تحت الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز چلا رہا ہے۔ کمپنی کی ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد کے ایف سیون مرکز میں کیپری پٹرول پمپ پر پہلا چارجنگ اسٹیشن قائم کیا گیا تھا، جبکہ بعد ازاں لاہور میں سن شائن پٹرولیم پر بھی یہ سہولت فراہم کی گئی۔
کمپنی کے نئے منصوبے کے تحت ان سہولتوں کا دائرہ ملک کے بڑے شہروں اور بین الصوبائی شاہراہوں تک بڑھایا جائے گا، جس سے طویل سفر کرنے والے الیکٹرک گاڑیوں کے مالکان کو چارجنگ کی سہولت میسر آسکے گی۔
بریفنگ میں پی ایس او نے اپنے سپلائی نظام اور تقریباً 3 ہزار 600 پٹرول پمپس کو جدید خودکار نظام سے منسلک کرنے کے لیے 1 ارب 50 کروڑ سے ایک ارب 80 کروڑ روپے خرچ کرنے کا بھی اعلان کیا۔ یہ کام مارچ سے جون 2027 کے درمیان مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ تاہم یہ رقم چارجنگ اسٹیشنز کے منصوبے سے الگ ہے۔
پاکستان کی قومی الیکٹرک گاڑیوں کی پالیسی 2025 سے 2030 کے تحت 2030 تک ملک بھر میں 3 ہزار چارجنگ اسٹیشنز قائم کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے، جن میں موٹرویز پر تقریباً 105 کلومیٹر کے فاصلے پر 40 تیز رفتار چارجنگ اسٹیشنز بھی شامل ہیں۔
پالیسی میں تیل کی مارکیٹنگ کرنے والی کمپنیوں کو اپنے 10 فیصد پٹرول پمپس پر بھی چارجنگ اسٹیشنز قائم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پی ایس او کے ملک بھر میں تقریباً 3 ہزار 600 پٹرول پمپس ہیں، اس حساب سے 10 فیصد کے قریب 360 مقامات پر یہ سہولت فراہم کی جاسکتی ہے۔
الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال میں اضافے کے باوجود پاکستان میں عوامی چارجنگ اسٹیشنز کی تعداد محدود ہے۔ کراچی سے لاہور یا لاہور سے اسلام آباد تک سفر کرنے والے ڈرائیوروں کو فی الحال چارجنگ کے دستیاب مقامات کو مدنظر رکھتے ہوئے سفر کی منصوبہ بندی کرنا پڑتی ہے۔
پی ایس او کا کہنا ہے کہ الیکٹرک گاڑیوں کی چارجنگ کا شعبہ مستقبل میں کاروباری لحاظ سے اہمیت اختیار کرے گا۔ تاہم کمپنی نے ابھی تک نئے اسٹیشنز کے مقامات، ان کی بجلی فراہم کرنے کی استعداد اور تنصیب کے تفصیلی شیڈول کا اعلان نہیں کیا۔
منصوبے پر عمل درآمد کی صورت میں بڑے شہروں اور موٹرویز پر الیکٹرک گاڑیوں کے لیے چارجنگ کی سہولت میں اضافہ ہوگا، جس سے طویل فاصلے کے سفر میں بھی الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کی حوصلہ افزائی ہوسکے گی۔