جے یو آئی کے کس صوبے میں کتنے کارکن گرفتار تفصیل سامنے آگئی
احتجاج کے دوران سڑکیں بند کرنے اور اجتماعات کرنے کے الزامات میں سینکڑوں کارکنوں اور رہنماؤں کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔
جے یو آئی کے کس صوبے میں کتنے کارکن گرفتار تفصیل سامنے آگئی
جمعیت علمائے اسلام (ف) نے اپنے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی مبینہ گرفتاری کے خلاف خیبر پختونخوا، بلوچستان اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کیے، جبکہ پولیس نے مولانا فضل الرحمان کی گرفتاری کی تردید کردی ہے
رپورٹ کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں پولیس نے جے یو آئی کے درجنوں کارکنوں کو حراست میں لے لیا، جبکہ احتجاج کے دوران سڑکیں بند کرنے اور اجتماعات کرنے کے الزامات میں سینکڑوں کارکنوں اور رہنماؤں کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔
جے یو آئی کے ملاکنڈ ڈویژن کے رہنماؤں نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے 38 کارکن گرفتار کیے گئے ہیں۔ شانگلہ میں پارٹی قیادت کے مطابق ضلعی امیر سمیت متعدد مظاہرین کو شاہراہ قراقرم پر بشام کے مقام سے حراست میں لیا گیا۔
بلوچستان میں جے یو آئی کے صوبائی ترجمان دلاور خان کاکڑ کے مطابق کوئٹہ، چمن، قلات، سوراب، ڈیرہ بگٹی، حب اور دیگر اضلاع میں پارٹی کے منتخب نمائندوں، عہدیداروں اور کارکنوں کو گرفتار کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع اور بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میر یونس عزیز زہری کو بھی ان کی رہائش گاہوں پر نظر بند کردیا گیا ہے۔
چمن میں ضلعی چیئرمین حاجی امان اللہ اچکزئی، ضلعی امیر مولانا عبدالمنان اور اطلاعات سیکریٹری عبدالوارث سمیت متعدد افراد کی گرفتاری کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا میں پشاور کے مقام پر موٹروے ایم ون بند کرنے کے الزام میں درج مقدمے میں نامزد 16 رہنماؤں میں سے 12 کے زیر حراست ہونے کی اطلاعات ہیں۔ چارسدہ، باجوڑ، شانگلہ، لوئر دیر، ملاکنڈ اور چترال میں بھی احتجاج اور مظاہروں کی کوششیں کی گئیں۔
چشمہ چیک پوسٹ کے قریب سڑک بند کرنے پر 19 رہنماؤں اور 200 کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، جبکہ چکدرہ پل سے 32 کارکنوں کی گرفتاری کا دعویٰ بھی سامنے آیا ہے۔ پولیس نے لوئر اور اپر چترال کے ضلعی امراء کو بھی حراست میں لیا۔
کوئٹہ میں جے یو آئی کے ضلعی امیر مولانا عبدالرحمان رفیق کی قیادت میں ریلی نکالی گئی، جو پارٹی دفتر سے شروع ہوکر جناح روڈ، قندھاری بازار، شارع اقبال اور میزان چوک سے گزرتی ہوئی منان چوک پر جلسے کی صورت اختیار کرگئی۔ مقررین نے گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی اپنی آئینی اور پرامن جدوجہد جاری رکھے گی۔
سرگودھا میں بھی جمعے کے روز جے یو آئی کے سات کارکن گرفتار کیے گئے، جبکہ اس سے قبل دو درجن سے زائد مقامی رہنماؤں کو حراست میں لیا جاچکا ہے۔ پولیس نے شہر کے داخلی راستوں پر نگرانی سخت کردی اور ساہیوال و پاکپتن میں بھی پارٹی رہنماؤں اور مدارس کی نگرانی کی گئی۔
دوسری جانب لاہور میں کارکنوں کے نام پیغام میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ احتجاج جاری رہے گا اور گرفتاریاں ان کا راستہ نہیں روک سکتیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہیں گرفتار کیا گیا ہے، تاہم لاہور پولیس کے سربراہ بلال صدیق کمیانہ نے اس دعوے کی تردید کردی۔
سی سی پی او لاہور کے مطابق مولانا فضل الرحمان کو گرفتار نہیں کیا گیا تھا بلکہ گرفتاری کی اطلاعات سامنے آنے کے وقت وہ ٹریفک میں پھنسے ہوئے تھے، جس کے بعد انہیں لاہور میں اپنی رہائش گاہ جانے کی اجازت دے دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا کی نقل و حرکت پر کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی اور احتجاج کی کال واپس لیے جانے کے بعد گرفتاری کی کوئی وجہ نہیں تھی۔