لندن میں اماراتی خاتون ڈاکٹر کے 12 لاکھ پاؤنڈ کے زیورات چوری
سنگین واردات، سیلفی کا بہانہ بنایا گیا، ملزمان تاحفر فرار ہیں، پولیس مصروفِ تفتیش
لندن میں اماراتی خاتون ڈاکٹر کے 12 لاکھ پاؤنڈ کے زیورات چوری
لندن میں متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون ڈاکٹر کے 12 لاکھ پاؤنڈ مالیت کے زیورات اور قیمتی سامان چوری ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ دستیاب اطلاعات کے مطابق متاثرہ خاتون ڈاکٹر نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ عربی بولنے والے دو افراد نے سیلفی لینے کے بہانے ان کے قریب آنے کی کوشش کی تھی۔ خاتون کے مطابق چوری شدہ سامان میں لاکھوں پاؤنڈ مالیت کے قیمتی بیگ، گھڑیاں اور دیگر زیورات شامل ہیں۔
متاثرہ اماراتی خاتون نے سامان کی برآمدگی کے لیے میئر لندن صادق خان اور پولیس چیف سے فوری کارروائی کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔ پولیس ذرائع اور دستیاب شواہد کے مطابق خاتون نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی متعلقہ حکام اور پولیس کے حوالے کر دی ہے، اس کے باوجود تاحال ملزمان کی شناخت نہ ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب برطانیہ میں پیش آنے والے ایک اور الگ واقعے میں برطانوی پولیس نے ایک نوجوان خاتون کو برطانیہ سے پاکستان لے جا کر زبردستی شادی کرانے کے جرم میں 3 افراد کو مجرم قرار دے دیا ہے۔ ویسٹ مڈلینڈز پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون ذہنی و دیگر کمزوریوں کے باعث شادی کے لیے رضامندی دینے کی قانونی صلاحیت نہیں رکھتی تھیں۔ پولیس کے بیان کے مطابق برمنگھم سے تعلق رکھنے والے محمد بشیر، خاتون بی اور مبین اختر نے 2024 کے موسم خزاں میں اس غیر محفوظ خاتون کا فائدہ اٹھایا تھا۔
پولیس کو نومبر 2024 کے آغاز میں اس استحصال کی اطلاع ملی تھی، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے تفتیش کاروں نے 7 نومبر 2024 کو برمنگھم ایئرپورٹ پر تینوں افراد کو حراست میں لے لیا تھا۔ برمنگھم کراؤن کورٹ میں مقدمے کی سماعت کے بعد 55 سالہ محمد بشیر، 55 سالہ خاتون بی اور 38 سالہ مبین اختر کو باضابطہ طور پر جرم کا مرتکب قرار دے دیا گیا ہے جبکہ انہیں سزا بعد کی تاریخ میں سنائی جائے گی۔