سندھ حکومت بوہرہ برادری کے سرمائے اور تجربے سے استفادہ کرنا چاہتی ہے، مراد علی شاہ
اہم اجلاس، معاشی ترقی میں اہم شراکت دار، سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں
سندھ حکومت بوہرہ برادری کے سرمائے اور تجربے سے استفادہ کرنا چاہتی ہے، مراد علی شاہ
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ داؤدی بوہرہ برادری سندھ کی معاشی ترقی میں اہم شراکت دار ہے، جس نے نسلوں سے تجارت، صنعت اور فلاحی کاموں میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ داؤدی بوہرہ بزنس سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت بوہرہ برادری کے سرمایہ، تجربے، مہارت اور عالمی روابط سے فائدہ اٹھانا چاہتی ہے۔
کراچی ملک کا تجارتی اور مالیاتی مرکز ہے جبکہ سندھ میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں مینوفیکچرنگ، ٹیکسٹائل، ادویات، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی جا تی ہے (جسے درست انداز میں آگے بڑھایا جا رہا ہے)۔ دھابیجی، خیرپور اور بن قاسم کے خصوصی اقتصادی زونز صنعتی سرمایہ کاروں کے لیے اہم مواقع فراہم کرتے ہیں۔ دھابیجی پورٹ قاسم سے رابطے کے باعث اہم صنعتی اور معاشی مرکز بن سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی ترجیح سرمایہ کاری کے ذریعے صنعتوں، پیداوار، برآمدات اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔ سندھ حکومت کاروبار میں آسانی، سرمایہ کاری کے تحفظ اور پالیسی تسلسل کے لیے اقدامات کر رہی ہے جبکہ سرمایہ کاری سہولت کاری کا مقصد منظوریوں سے کاروبار کے قیام تک سرمایہ کاروں کی مدد کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ مقامی کاروباری افراد اور عالمی سرمایہ کاروں کے مشترکہ منصوبوں کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے، نجی شعبہ پائیدار معاشی ترقی کا انجن ہے اور ہر نئی سرمایہ کاری روزگار کے مواقع پیدا کرتی ہے۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ سندھ انٹرپرائز ڈویلپمنٹ فنڈ کے ذریعے چھوٹے کاروبار اور خواتین کے کاروبار کو معاونت فراہم کی جا تی ہے۔ انہوں نے تجربہ کار کاروباری خاندانوں پر زور دیا کہ وہ نوجوان کاروباری افراد کی رہنمائی اور ٹیکنالوجی کی منتقلی میں کردار ادا کریں۔ اس موقع پر انہوں نے بوہرہ کاروباری افراد کو صنعتی زونز میں سرمایہ کاری اور مقامی کاروباری افراد کے ساتھ شراکت داری کی دعوت دی اور کہا کہ سنجیدہ سرمایہ کاروں کی تجاویز پر سندھ حکومت قانون کے مطابق مکمل تعاون کرے گی۔