بھارت میں بہار کے ضلع سیوان سے مدرسے کے دو طلبہ کی لاشیں برآمد
افوسناک واقعہ، چندہ جمع کرنے گئے تھے، پولیس نے تحقیقات شروع کر دی، چار افراد نامزد
بھارت میں بہار کے ضلع سیوان سے مدرسے کے دو طلبہ کی لاشیں برآمد
بھارت میں بہار کے ضلع سیوان سے تعلق رکھنے والے دو کمسن مدرسہ کے طلبہ کی لاشیں برآمد ہونے کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی پائی جاتی ہے۔ دستیاب دستاویزات اور بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 23 نومبر کو سیوان ضلع کے بڑہریا علاقے کے ایک مدرسے کے 5 طلبہ چندہ جمع کرنے کے لیے ای رکشا پر سوار ہو کر روانہ ہوئے تھے جن کی واپسی کے دوران بنگرا گاؤں کے قریب رکشا خراب ہو گیا۔
رکشا خراب ہونے کے باعث بعض طلبہ قریب ہی واقع گنے کے کھیت میں چلے گئے جہاں مقامی افراد نے مبینہ طور پر ان کا تعاقب کیا۔ اس واقعے کے بعد 14 سالہ محمد زید اور 13 سالہ اشرف علی لاپتہ ہو گئے جبکہ دیگر 3 طلبہ واپس مدرسہ پہنچنے میں کامیاب رہے۔ پولیس رپورٹ کے مطابق بچوں کی گمشدگی کی اطلاع ملنے پر فوری طور پر تلاش کا عمل شروع کیا گیا جس میں ڈرون کیمروں اور ریاستی ڈیزاسٹر رسپانس فورس کی مدد بھی لی گئی۔
تلاش کے دوران 25 نومبر کو محمد زید کی لاش گوپال گنج کے تالاب کے قریب سے ملی جبکہ 26 نومبر کو اشرف علی کی لاش بھی اسی علاقے میں ایک اینٹوں کے بھٹے کے پاس سے برآمد ہوئی۔ پولیس حکام کے مطابق دونوں بچوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے سرکاری اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور ابتدائی معائنے میں لاشوں پر ظاہری چوٹ کے نشانات نہیں ملے۔
متاثرہ بچوں کے والد محمد اسلم کی جانب سے پولیس میں درج کروائی گئی تحریری شکایت میں 4 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ دستاویزات کے مطابق بچوں کے لواحقین نے الزام عائد کیا ہے کہ گنے کے کھیت میں پیش آنے والے واقعے کے دوران بچوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور انہیں تالاب میں دھکیل دیا گیا۔ فارنسک سائنس لیبارٹری (ایف ایس ایل) کی ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آنے کے بعد ہی واضح ہو سکے گی۔