سکیورٹی خدشات کے پیش نظر پنجاب بھر میں ڈرون کی پروازوں پر پابندی عائد

اہم فیصلہ، محکمہ داخلہ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا، نفاذ 30 روز کے لیے ہوگا

November 28, 2026 · قومی
سکیورٹی خدشات کے پیش نظر پنجاب بھر میں ڈرون کی پروازوں پر پابندی عائد

سکیورٹی خدشات کے پیش نظر پنجاب بھر میں ڈرون کی پروازوں پر پابندی عائد

حکومت پنجاب نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے کھلی فضا میں ڈرون اڑانے پر 30 روز کے لیے پابندی عائد کردی ہے۔ محکمہ داخلہ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق آؤٹ ڈور ڈرون اڑانے پر مکمل پابندی ہوگی، تاہم ہالز اور مارکیز کے اندر تقریبات کی کوریج کے لیے چھوٹے ڈرون کے محدود استعمال کی اجازت دی گئی ہے۔

دستاویز کے مطابق اندرونی تقریبات میں ڈرون کے محفوظ استعمال کی تمام تر ذمہ داری تقریب کے منتظمین پر عائد ہوگی۔ اس کے علاوہ انٹیلیجنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس پابندی سے مکمل طور پر مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ نے ڈرون کے محفوظ استعمال کی تحریری اجازت دینے کے لیے ضلعی سطح پر ’سیف ڈرون یوزیج کمیٹی‘ تشکیل دی ہے۔ زرعی، آبپاشی اور تحقیقی مقاصد کے لیے ڈرون کے محفوظ استعمال کی تحریری اجازت یہی کمیٹی دے گی، اور کمیٹی کی منظوری سے ڈرونز کا استعمال پابندی سے مستثنیٰ ہوگا۔

حکومت پنجاب کا کہنا ہے کہ عوامی تحفظ، امن و امان کا قیام اور شہریوں کی املاک کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے ڈرون پر یہ پابندی ضابطہ فوجداری 1898 کے سیکشن 144(6) کے تحت عائد کی ہے، جبکہ صوبے بھر کی ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو ان احکامات پر من و عن عملدرآمد کرنے کی سخت ہدایت جاری کی گئی ہے۔