امریکی سینیٹر کا ایران جنگ کی فنڈنگ روکنے کا مطالبہ

امریکی شہری فی گھرانہ پیٹرول اور ڈیزل پر 1,200 ڈالرز سے زائد اضافی خرچ کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں

November 28, 2026 · بام دنیا
امریکی سینیٹر کا ایران جنگ کی فنڈنگ روکنے کا مطالبہ

امریکی سینیٹر کا ایران جنگ کی فنڈنگ روکنے کا مطالبہ

واشنگٹن سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق امریکی سینیٹر ٹیمی ڈک ورتھ نے کانگریس سے مطالبہ کیا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ کے لیے مالی امداد فوری طور پر بند کی جائے اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو یہ تنازع ختم کرنے پر مجبور کیا جائے۔ بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق ریاست الینوائے سے تعلق رکھنے والی ڈیموکریٹ سینیٹر اور سینیٹ کی مسلح افواج کمیٹی کی رکن ٹیمی ڈک ورتھ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ کانگریس اس جنگ کی فنڈنگ روکے۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران جنگ شروع ہونے کے بعد سے امریکی شہری فی گھرانہ پیٹرول اور ڈیزل پر 1,200 ڈالرز سے زائد اضافی خرچ کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ انہوں نے ٹرمپ انتظامیہ پر جنگ کے خاتمے کے لیے دباؤ مزید بڑھانے کی اپیل کی ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کے دوران یورپ بھر میں روسی فوجی جارحیت روکنے پر زور دیا ہے تاکہ یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے جلد معاہدہ طے پا سکے۔ صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری بیان میں واضح کیا کہ انہوں نے پیوٹن کے ساتھ گفتگو میں اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ روس یورپ کے مختلف علاقوں میں اپنی تمام فوجی جارحانہ کارروائیاں بند کرے۔ ان کے بقول اس اقدام سے روس اور یوکرین کے درمیان جلد امن معاہدے کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ماہ ہزاروں افراد لقمہ اجل بن رہے ہیں اور یہ سلسلہ ایک مکمل خونریزی کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے بتایا کہ ان کے خیال میں روسی صدر معاہدہ کرنا چاہتے ہیں، تاہم انہوں نے مذاکرات کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ روسی صدر پیوٹن اور یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی کی باہمی مخالفت کو قرار دیا۔