پشاور ہائیکورٹ نے پاکستانی خاتون کے افغان شوہر کی ملک بدری 6 ماہ کے لیے روک دی
نادرا کو نئی درخواست پر کارروائی کی ہدایت، سیکریٹری داخلہ کو بھی احکامات جاری
پشاور ہائیکورٹ نے پاکستانی خاتون کے افغان شوہر کی ملک بدری 6 ماہ کے لیے روک دی
پشاور ہائیکورٹ نے پاکستانی خاتون سے شادی کرنے والے ایک افغان شہری کی ملک بدری کو 6 ماہ کے لیے معطل کردیا ہے۔ عدالت نے درخواست گزار کو پاکستان اوریجن کارڈ (پی او سی) کے اجرا کے لیے نادرا میں نئی درخواست دائر کرنے کی اجازت بھی مرحمت کر دی ہے۔
جسٹس وقار احمد اور جسٹس انعام اللہ خان پر مشتمل عدالت کے 2 رکنی بینچ نے اس پٹیشن پر تفصیلی تحریری فیصلہ جاری کیا۔ دستیاب عدالتی دستاویز کے مطابق نادرا موصول ہونے والی درخواست پر قانون کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے کارروائی کا پابند ہوگا۔ اگر پی او سی کی درخواست میں کوئی خامی پائی جاتی ہے یا اسے مسترد کیا جاتا ہے تو متعلقہ حکام کو تحریری حکم کے ذریعے اس کی وجوہات سے آگاہ کرنا ہوگا۔
فیصلے میں مزید وضاحت کی گئی ہے کہ درخواست گزار برطانوی یا غیر ملکی شہریت کے قوانین کے بجائے نیچرلائزیشن ایکٹ 1926 کے تحت پاکستانی شہریت کے حصول کے لیے بھی باضابطہ درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ عدالت نے سیکریٹری وزارت داخلہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ شہریت سے متعلق اس درخواست پر ترجیحی بنیادوں پر 6 ماہ کے اندر اندر فیصلہ کریں۔
عدالت نے اپنے حکم میں واضح کیا ہے کہ متعلقہ خاتون کے افغان شوہر کو آئندہ 6 ماہ تک یا اس حوالے سے وفاقی حکومت کے حتمی فیصلے تک ملک بدر نہ کیا جائے۔