خلیجِ عدن میں کارگو جہاز پر قبضہ کرنے والے مسلح افراد فرار

مسلح افراد نے یمن کے علاقے بلحاف سے تقریباً 120 کلومیٹر جنوب مغرب میں ایک کارگو جہاز پر سوار ہو کر اس کا کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کی تھی۔

November 29, 2026 · بام دنیا
خلیجِ عدن میں کارگو جہاز پر قبضہ کرنے والے مسلح افراد فرار

خلیجِ عدن میں کارگو جہاز پر قبضہ کرنے والے مسلح افراد فرار

یمن کے ساحل کے قریب خلیجِ عدن میں کارگو جہاز پر سوار ہو کر اس کا کنٹرول سنبھالنے والے مسلح افراد جہاز چھوڑ کر چلے گئے ہیں، جبکہ جہاز کا تمام عملہ محفوظ ہے۔

برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (یو کے ایم ٹی او) کے مطابق مسلح افراد نے یمن کے علاقے بلحاف سے تقریباً 120 کلومیٹر جنوب مغرب میں ایک کارگو جہاز پر سوار ہو کر اس کا کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کی تھی۔

ادارے نے تصدیق کی ہے کہ حملہ آور اب جہاز چھوڑ کر جا چکے ہیں اور عملے کے تمام ارکان خیریت سے ہیں۔

یو کے ایم ٹی او نے علاقے میں موجود دیگر بحری جہازوں کو محتاط رہنے اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع دینے کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث جزیرہ نمائے عرب اور اس کے اطراف میں بحری جہازوں کو متعدد حملوں، فائرنگ اور جوابی کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔