حویلیاں: گھریلو تنازع پر فائرنگ چچا زاد بھائی کے ہاتھوں نوجوان قتل، ملزم فرار

مقتول کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد ہسپتال سے ورثا کے حوالے ،ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے

November 29, 2026 · قومی

فوٹو امت

ایبٹ آباد: تحصیل حویلیاں کے گاؤں بانڈہ صاحب خان میں گھریلو تنازع پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا، جبکہ ملزم واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

تھانہ حویلیاں کی حدود میں پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے میں شکیل ولد نذیر نے طیش میں آ کر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں اس کا چچا زاد بھائی تنویر ولد استم موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق قتل کی وجہ دیرینہ گھریلو جھگڑا بتائی جا رہی ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی حویلیاں پولیس کی نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرنے کے بعد مقتول کی لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کیا۔ ہسپتال میں ضروری قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کی تکمیل کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے مفرور ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔